لکھنؤ23جون (سیاست ڈاٹ کام ) اسمارٹ سٹی مشن پروجیکٹ میں اترپردیش کے مزید تین شہروں کو شامل کرنے پر مرکز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہاکہ ریاست کے پانچ اور شہروں کو پروجیکٹ سے جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔مسٹر یوگی نے کہاکہ جھانسی، علی گڑھ اور الہ آباد کو اسمارٹ سٹی مشن میں شامل کر نے کیلئے وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور شہری ترقی کے مرکزی وزیر ایم ونکیا نائڈو کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس سے پہلے اسمارٹ سٹی مشن کے تحت ریاست کی راجدھانی لکھنؤ کے ساتھ وارانسی، کانپور اور آگرہ کو منسلک کیا جا چکا ہے۔ نئے شہروں کو شامل کرنے سے مشن کے تحت اب شہروں کی تعداد سات ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت میرٹھ، رائے بریلی، غازی آباد، سہارنپور اور رامپور کو اسمارٹ سٹی مشن پروجیکٹ میں شامل کرانے کیلئے سنجیدگی سے کوشش کرے گی۔