تین نئی ایرپورٹ ٹرمنل بلڈنگس کو منظوری

نئی دہلی ۔ 2 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں ہوابازی کے بنیادی ڈھانچہ کو فروغ دینے کی سمت ایک بڑے اقدام میں مرکز نے آج چینائی ، لکھنو اور گوہاٹی ایرپورٹس میں زائد از پانچ ہزار کروڑ روپئے کی تخمینی لاگت پر نئی ٹرمنل بلڈنگس کو تعمیر کرنے کی تجویز منظور کرلی ۔ یہ تجویز آج یہاں مرکزی کابینہ کے اجلاس میں منظور کی گئی ۔ ملک میں شعبۂ ہوابازی موجودہ طورپر زائد از 20 فیصد کی شرح پر بڑھ رہاہے اور مارچ میں یہ شرح 28 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ اس مہینے کے دوران 1.16 کروڑ ہندوستانیوں نے فضائی اسفار کئے ۔ وزیرشہری ہوابازی سریش پربھو نے کہاکہ چینائی ایرپورٹ کیلئے منظورہ نئی ٹرمنل بلڈنگ کیلئے 2467 کروڑ روپئے کی تخمینی لاگت بتائی گئی ۔ لکھنو میں نئی ٹرمنل بلڈنگ سالانہ 13.6ملین مسافرین کیلئے گنجائش فراہم کرسکے گی اور یہ 2030-31 تک مسافرین میں اضافہ کے ساتھ درکار ضرورتوں کی تکمیل کرپائے گی ۔ گوہاٹی کی ٹرمنل بلڈنگ کی تخمینی لاگت 1.3 کروڑ روپئے بتائی گئی ۔

ایس سی ؍ ایس ی تحفظات کی یکسوئی کیلئے راہول سے مدد طلب
نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی یونیورسٹی اساتذہ اسوسی ایشن نے آج صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرکے ان سے ایس سی ؍ ایس ٹی تحفظات تنازعہ کی یکسوئی کیلئے مداخلت کی اپیل کی تاکہ درج فہرست قبائل کے امیدواروں کو تدریسی ملازمتوں پر تعینات کیا جاسکے۔ یونیورسٹی گرانڈ کمیشن کے 5 مارچ کے مراسلہ میں تازہ تحفظات روسٹرس کا اعلان کیا گیا ہے۔