لندن، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پچھلے تین ماہ سے ڈرون حملے نہ ہونا اچھی بات ہے، آئندہ بھی نہیں ہونے چاہئیں۔ انھوں نے امید ظاہرکی کہ کراچی کے حالات بھی جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔ نوازشریف ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ایٹمی سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد لندن پہنچ گئے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ اچھی بات ہے پچھلے نوے دنوں سے ڈرون حملے نہیں ہوئے، آئندہ بھی نہیں ہونے چاہئیں، یہ ملکی خودمختاری کے خلاف ہیں۔
انھوں نے طالبان سے مذاکرات کیلئے حکومتی کوششوں کو مثبت قدم قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن کے بھی مثبت نتائج نکل رہے ہیں، کچھ عرصے میں حالات پوری طرح بہتر ہوجائیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، آئندہ سات برسوں میں بجلی کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بڑی جدو جہد کی ہے اوراسی لئے پوری دنیا پاکستان کی کوششوں کی تعریف کر رہی ہے۔