کولکاتا 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پہلی مرتبہ مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے تین طلاق بل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اِس بِل کا مقصد نہ تین طلاق پر روک لگانا ہے اور نہ ہی مسلم خواتین کی فلاح و بہبود ہے بلکہ اس بِل کے ذریعہ بی جے پی سیاست کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بیربھوم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کا مقصد مسلم خواتین کے حقوق کی حفاظت نہیں بلکہ اس کی وجہ سے مسلم خواتین کی پریشانیوں میں اضافہ ہی ہوگا اور بی جے پی اس پورے معاملہ میں سیاست کررہی ہے۔ خیال رہے کہ لوک سبھا میں اس بل پر ترنمول کانگریس کی خاموشی پر مسلمانوں کی جانب سے ترنمول پر تنقیدیں کی جارہی تھیں۔ بنگال میں مسلم آبادی کی شرح تقریباً 27.01 فیصد ہے۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جب سے آسام میں بی جے پی نے اقتدار سنبھالا ہے بنگالی بولنے والوں کا عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے اور شدید ہراسانی کا سامنا ہے۔ جبکہ بنگالی بولنے والے آسام اور شمال مشرقی ریاستوں میں ایک صدی سے آباد ہیں۔ تین طلاق پر ممتا بنرجی کے بیان پر سی پی آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ محمد سلیم نے تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ترنمول کانگریس کے ارکان نے لوک سبھا میں بل کیخلاف ایک لفظ بھی نہیں بولا مگر اب ممتا اس پر ہمدردی بٹور کر سیاست کررہی ہیں۔