نئی دہلی، 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے سرخیوں میں چھائے تین طلاق بل کو راجیہ سبھا کی سلیکٹ کمیٹی کو سونپے جانے کی آج سفارش کی۔این سی پی کے ایم پی مجید میمن نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے کہا کہ اس بل کو جلدبازي میں لایا گیا ہے ۔ میمن نے کہا”پہاڑ نہیں ٹوٹ پڑے گا۔ اس طرح کے معاملہ حساس ہوتے ہیں۔ ہمیں مستقبل میں اس طرح کے معاملات میں جلدبازي سے بچنا چاہئے ”۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے مسلمان عورت بل (تحفظ شادی حقوق )، 2017کو عجلت میں لایا ہے ۔ اس کے بارے میں تمام فریقوں کی رائے کیوں نہیں لی گئی؟ اس میں رازداری کیوں برتی گئی؟ قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا نے اس بل کو گزشتہ سال 28 دسمبر کو پاس کیا تھا۔
طلاق ثلاثہ پر عارف محمد خاں ،حکومت کے موقف سے متفق
لکھنؤ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرخیوں میں چھائے رہنے والے شاہ بانو کیس پر اس وقت کے وزیر اعظم راجیو گاندھی حکومت سے استعفیٰ دینے والے سابق مرکزی وزیر عارف محمد خاں نے تین طلاق کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی قرآن شریف پر ہی عمل کروانے کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ عارف محمد خان نے کہا کہ وہ تین طلاق کے مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کے موقف سے اتفاق کرتے ہیں۔