لکھنو ۔20 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز کی بی جے پی حکومت کو متنازعہ تین طلاق آرڈیننس کی دوبارہ اجرائی کیلئے منظوری دینے پر تنقیدوں کانشانہ بناتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے آج کہاکہ اسے اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جائے گا۔ انھوں نے یہاں کہا کہ سماجی تبدیلی جبر اور من مانی قانون سازیوں کے ذریعہ حاصل نہیں کی جاسکتی ، خواتین کو بااختیار بنانے کی آڑ میں اس آرڈیننس کو اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جائے گا ۔ہم ایسے قانون کی تائید کریں گے جو جسٹس سچر رپورٹ پر عمل آوری کرے ۔ مرکزی کابینہ نے منگل کو اس آرڈیننس کی دوبارہ اجرائی کو اپنی منظوری دی جو مسلم مردوں کی جانب سے بیک وقت تین طلاق کہنے پر تعزیری جرم بناتا ہے ۔ صدر رام ناتھ کووند کی دستخط ہوجانے پر یہ آرڈیننس اندرون ایک سال تیسری مرتبہ نافذالعمل ہوجائے گا ۔