تین طلاق، شہریت سے متعلق بل اب غیرکارکرد

نئی دہلی 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سولہویں لوک سبھا کی تحلیل کے ساتھ متنازعہ شہریت (ترمیمی) بل اور تین طلاق پر امتناع عائد کرنے والا بل بھی اب بے اثر ہوگئے ہیں کیونکہ انھیں راجیہ سبھا کی منظوری حاصل نہیں ہوئی تھی۔ جاریہ حکومت کے آخری پارلیمانی اجلاس بجٹ سیشن میں یہ دونوں بل راجیہ سبھا میں منظور نہیں ہوسکے تھے۔ موجودہ لوک سبھا کی میعاد 3 جون کو ختم ہونا تھا لیکن انتخابی عمل پورا ہونے پر صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے ایوان زیریں کو ہفتہ کو تحلیل کردیا۔ 17 ویں لوک سبھا کا پہلا سیشن 6 جون کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ راجیہ سبھا میں متعارف کردہ بل اور وہاں معرض التوا قانون سازی لوک سبھا کی تحلیل سے غیرکارکرد نہیں ہوتے ہیں۔ تاہم لوک سبھا کے منظورہ اور راجیہ سبھا میں معرض التوا بل سوخت ہوجاتے ہیں۔