تین سابق وزرا تلگودیشم میں شامل ہونگے

حیدرآباد۔24 فبروری ( سیاست نیوز) تین سابق وزراء تلگودیشم سے رابطے میں ہیں ۔27فبروری کو تلگودیشم میں شامل ہونے کے امکانات ہیں ۔ چند ارکان اسمبلی بھی تلگودیشم سے رابطے میں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ متحدہ آندھرا کیلئے لمحہ آخر تک کرن کمار ریڈی کے ساتھ تحریک چلانے والے سیما آندھرا کے تین سابق وزرا مسٹر جی سرینواس راؤ ‘ مسٹر ای پرتاپ ریڈی ‘ مسٹر ٹی جی وینکٹیش تلگودیشم سے رابطے میں ہیں ۔ ایک اور وزیر نے حالانکہ کانگریس سے استعفی دیدیا ہے لیکن ابھی انہوں نے تلگودیشم یا کسی اور جماعت میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ تلگودیشم کے دو ارکان راجیہ سبھا ‘ مسٹر سی ایم رمیش اور جی رام موہن راؤ نے مسٹر جی سرینواس کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی ۔ اس موقع پر ٹی جی وینکٹیش اورمسٹر ای پرتاپ ریڈی موجود تھے ۔ باقاعدہ اطلاع نہیں ملی کہ وہ کب تلگودیشم میں شامل ہونگے تاہم ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ 27فبروری کو یہ قائدین صدر تلگودیشم مسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے تلگودیشم میں شامل ہوجائیں گے ۔ ضلع وشاکھاپٹنم کے چند کانگریس کے ارکان اسمبلی بھی اپنے سیاسی مستقبل کیلئے تلگودیشم کو محفوظ ٹھکانہ تصور کررہے ہیں اور وہ بھی تلگودیشم میں شامل ہونے مذاکرات کررہے ہیں ۔

کانگریس کے ایک رکن اسمبلی ایک ہفتہ قبل تلگودیشم میں شامل ہوچکے ہیں ۔ نیلور کے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر اے پربھاکر ریڈی بھی تلگودیشم میں شامل ہونے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ کرنول کے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر شلپا موہن ریڈی بھی تلگودیشم سے رابطے میں ہیں ۔ تلگودیشم ذرائع نے کہا کہ ایک اور کانگریس لیڈر جی سرینواس راؤ بھی تلگودیشم میں واپس ہوسکتے ہیں۔ اس دوران چندرا بابو نائیڈو نے اپنے پارٹی رفقا سے جو سیما آندھرا سے تعلق رکھتے ہیں کہا کہ کانگریس کے کئی قائدین بشمول وزرا اور ارکان اسمبلی تلگودیشم میںشامل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم پارٹی سب کیلئے اپنے دروازے کھلے نہیں رکھے گی ۔ صرف ان افراد کو پارٹی میں شامل کیا جائیگا جو پارٹی کیلئے مفید ثابت ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں ضلع یونٹس کی رائے معلوم کرینگے ۔