تین بینکوں کے انضمام کیخلاف ملک گیر احتجاج کرنے یونینوں کی دھمکی

نئی دہلی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بینک یونینوں نے بینک آف بڑودہ ، دینا بینک اور وجئے بینک کے مجوزہ انصمام کے خلاف 26 ڈسمبر کو ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے ستمبر میں عوامی شعبہ کی ان تینوں بینکوں کے انضمام کی اجازت دی تھی۔ بینک ملازمین اور افسران کی 9 یونینوں کے وفاقی یونائٹیڈ فورم آف بینک یونینس (یو ایف بی یو) کے پرچم تلے اس ملک گیر احتجاج کا اہتمام کیاجارہا ہے۔ آل انڈیا بینک ایمپلائیز اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سی ایچ وینکٹ چلم نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ بینکس انضمام کے فیصلے پر پیشرفت کررہے ہیں چنانچہ اس کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بینک ورکرس کی قومی تنظیم کے نائب صدر اشوین رانا نے کہا کہ یو ایف بی یو کی قیادت میں تمام بینک یونینس اس ہڑتال میں حصہ لیں گے۔