فی کس 500 کروڑ کے اثاثہ جات ، کئی بڑے صنعت کار پیچھے رہ گئے
حیدرآباد۔ 21 اپریل (سیاست نیوز) متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں تین بڑے صنعت کار ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ان کے اثاثہ جات کی مالیت فی کس 500 کروڑ روپئے سے زائد ہے۔ اس طرح ان تین صنعت کاروں نے اپنے اثاثہ جات کے ذریعہ دیگر صنعت کاروں کو پیچھے چھوڑ دیا جو دوبارہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ سابق ریاستی وزیر جی ارونا کماری کے فرزند جئے دیو گلا جو ’’امارا راجہ گروپ‘‘ کے نائب صدرنشین اور مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں، وہ 683 کروڑ روپئے کے خاندانی اثاثہ جات کے ساتھ آندھرا پردیش کے سب سے دولت مند ترین امیدوار کی حیثیت سے ابھرے ہیں۔ انہوں نے اپنی والدہ جی ارونا کماری کے ساتھ گزشتہ ماہ تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور گنٹور لوک سبھا حلقہ سے تلگو دیشم کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں۔ جئے دیو کے منقولہ اثاثہ جات 541 کروڑ 64 لاکھ روپئے ہیں جبکہ ان کی شریک حیات پدماوتی گلا کے اثاثہ جات کی مالیت 45 کروڑ روپئے دکھائی گئی ہے۔ ان کے دو فرزندان کے اثاثہ جات کی مالیت 5 کروڑ روپئے ہے۔ جئے دیو کے غیرمنقولہ اثاثہ جات کی مالیت 79.24 کروڑ روپئے اور پدماوتی کے 6.74 کروڑ روپئے ہے۔ جئے دیو کی سالانہ آمدنی 16.30 کروڑ روپئے بتائی گئی جبکہ ان کی شریک حیات کی سالانہ آمدنی 54.62 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ 48 سالہ یہ سیاست داں جن کا تعلق رائلسیما کے چتور ضلع سے ہے، اگر منتخب ہوجائیں تو وہ ریاست کے سب سے دولت مند رکن پارلیمنٹ ہوں گے۔ سابق میں یہ اعزاز وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو حاصل تھا جنہوں نے اپنے خاندان کے اثاثہ جات کی مالیت 2001ء میں 406 کروڑ روپئے ظاہر کی تھی جب وہ حلقہ لوک سبھا کڑپہ سے منتخب ہوئے تھے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی اس مرتبہ کڑپہ کے اسمبلی حلقہ پولی ویندلہ سے مقابلہ کررہے ہیں جس کی نمائندگی اسمبلی میں ان کی والدہ اور پارٹی کی اعزازی صدر وائی ایس وجیہ اماں کررہی تھیں۔ جگن نے اس مرتبہ اپنے اور اپنی شریک حیات کے اثاثہ جات 416 کروڑ روپئے بتائے ہیں۔ ریاست کے دوسرے دولت مند لوک سبھا کے امیدوار ایودھیا رامی ریڈی ہیں جنہوں نے 650 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کا اعتراف کیا۔ انفراسٹرکچر ’’رامتی گروپ‘‘ کے صدرنشین ایودھیا رامی ریڈی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر ضلع گنٹور کے نرسا راؤ پیٹ پارلیمنٹ حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حلف نامہ میں منقولہ اثاثہ جات کی مالیت 648 کروڑ 70 لاکھ روپئے بتائی ہے جس میں نقد ڈپازٹ، شیئرس، ڈیبنچرس اور گاڑیاں شامل ہیں۔ رامی ریڈی کے منقولہ اثاثہ جات 592 کروڑ 33 لاکھ روپئے بتائے گئے جبکہ ان کی شریک حیات دکشیانی کے اثاثہ جات 52.25 کروڑ روپئے ہیں۔ رامی ریڈی غیرمحسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں جگن موہن ریڈی کے ساتھ شریک ملزم ہیں۔ پہلی مرتبہ انتخابات میں حصہ لینے والے دو دولت مند ترین امیدواروں کا تعلق سیما۔ آندھرا سے ہے، جبکہ تیسرے دولت مند امیدوار تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ کونڈا وشویشور ریڈی جو ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ سے میدان میں ہیں، انہوں نے اپنے خاندان کے اثاثہ جات کی مالیت 528 کروڑ روپئے بتائی ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر رنگاریڈی کے پوتے کونڈا وشویشور ریڈی منقولہ اثاثہ جات 171 کروڑ 72 لاکھ روپئے ہیں جبکہ ان کی شریک حیات سنگیتا ریڈی مینیجنگ ڈائریکٹر اپولو ہاسپٹل کے اثاثہ جات 243.27 کروڑ روپئے ہیں۔ انفرا فرم مدھوکان کمپنی کے سربراہ ناما ناگیشور راؤ جو تلگو دیشم پارٹی کے ٹکٹ پر کھمم لوک سبھا حلقہ سے دوسری مرتبہ مقابلہ کررہے ہیں انہوں نے 300 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کا اعلان کیا ہے اور وہ تلنگانہ میں دوسرے بڑے دولت مند امیدوار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ 2009ء میں جب وہ پہلی مرتبہ اس حلقہ سے منتخب ہوئے، اس وقت انہوں نے 173 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کا اعلان کیا تھا۔ ناما ناگیشور راؤ لوک سبھا میں تلگو دیشم پارلیمانی پارٹی کے قائد ہیں۔ تلنگانہ کے لوک سبھا امیدواروں میں کئی امیدوار کروڑپتی ہیں۔ وشاکھا انڈسٹریز کے مالک جی وویکانند جوکانگریس کے ٹکٹ پر پداپلی لوک سبھا حلقہ سے دوسری مرتبہ میدان میں ہیں، ان کے اثاثہ جات 66 کروڑ روپئے ہیں۔ 2009ء میں ان کے اثاثہ جات 73 کروڑ روپئے تھے۔ ان کے بھائی جی ونود جو اسمبلی کے لئے مقابلہ کررہے ہیں، ان کے اثاثہ جات 200 کروڑ روپئے ہیں۔ یہ دونوں کانگریس کے بزرگ قائد جی وینکٹ سوامی کے فرزندان ہیں۔ فلم اسٹار سے سیاست داں بننے والے ننداموری بالا کرشنا جو تلگو دیشم پارٹی کے ٹکٹ پر ہندوپور اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں، ان کا شمار بھی کروڑپتی امیدواروں میں ہوتا ہے۔ آنجہانی این ٹی راما راؤ کے فرزند اور موجودہ صدر این چندرا بابو نائیڈو کے سمدھی بالا کرشنا نے 213 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کا اعلان کیا جن میں منقولہ اثاثہ جات 104 کروڑ 85 لاکھ روپئے ہیں جبکہ ان کی شریک حیات وسندھرا اور فرزند مشگنیا تارک راما تیجا کے اثاثہ جات علی الترتیب 92.32 اور 17.54 کروڑ روپئے ہیں۔ ٹرائی میکس گروپ کے سربراہ راجندر پرساد جو وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے وجئے واڑہ لوک سبھا نشست سے میدان میں ہیں، انہوں نے اپنے خاندان کے اثاثہ جات کی مالیت 140 کروڑ روپئے بتائی ہے۔ راجندر پرساد اے پی آئی آئی سی اور ایمار اسکام میں ملزم ہیں۔ ان کے منقولہ اثاثہ جات صرف 3.35 لاکھ روپئے بتائے گئے جبکہ ان کی شریک حیات ویملا دیوی کے اثاثہ جات 87.55 کروڑ روپئے بتائے گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راجندر پرساد نے اپنی سالانہ آمدنی صرف 2,280/- روپئے بتائی ہے جبکہ ان کی شریک حیات کی سالانہ آمدنی 3.07 کروڑ روپئے ہونے کا انکشاف کیا گیا۔