لندن ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے سال 2014ء میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیل کی پیداوار کے ذریعہ سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دنیاکی بڑی معیشتوں میں توانائی کے استعمال میں ہندوستان نے سب سے زیادہ ترقی ریکارڈ کی ۔ ورلڈ انرجی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ نے سال 2014ء میں 15.9 فیصد زائد تیل کی پیداوار کی ہے۔ اس کی یومیہ پیداوار 11.6 ملین بیارل رہی جبکہ سعودی عرب کی یومیہ پیداوار 11.5 ملین بیارل تھی۔ روس 10.8 ملین بیارل یومیہ پیداوار کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا۔ امریکہ نے تیل اور گیس کی پیداوار میں سرفہرست روس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ امریکی شیل انقلاب کے باعث سعودی عرب سے آگے نکلنے میں کافی مدد ملی ۔ اب تک تیل کی پیداوار کے معاملے میں سعودی عرب دنیا بھر میں سرفہرست تھا۔ توانائی کے استعمال کے شعبہ میں چین کی ترقی میں گراوٹ آئی ہے جبکہ ہندوستان میں 7.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور الجیریا 8.4 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ ہندوستان دوسرے مقام پر رہا۔