تیل کی قیمتوں کو مستحکم کرنے پوٹن ، روحانی متفق

ماسکو۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کے ایرانی ہم منصب حسن روحانی نے اوپیک کے ان منصوبوں کیلئے تائید کا اظہار کیا ہیکہ اس ہفتہ مجوزہ کلیدی اجلاس سے قبل تیل کی پیداوار کو محدود رکھا جائے۔ ٹیلیفون کے ذریعہ گفتگو میں دونوں قائدین نے کہا کہ اوپیک کی کوششیں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کو دوبارہ مستحکم کرنے کیلئے ناگزیر ہے۔ کریملین کی جانب سے گذشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اوپیک کی جانب سے پیداوار کو محدود رکھنے کے ضمن میں کئے گئے اقدامات کی اہمیت ہے اور ان کے نتیجہ میں تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کی واپسی ہوسکتی ہے۔
دونوں قائدین نے اپنی بات چیت میں اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ توانائی کی عالمی منڈیوں کے بارے میں دونوں ملکوں کی کوششوں میں ارتباط لایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں روس اور اوپیک کے درمیا ن مذاکرات بھی کئے جائیں گے۔