تہران۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہی۔ روحانی کے مطابق ایران کی تیل کی برآمدات کو صفر کی سطح پر لانا امریکہ کا ایک غلط فیصلہ ہے اور ایران اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دے گا۔ اپنے اس خطاب میں ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ آئندہ مہینوں میں دیکھ لے گا کہ ایران اپنی تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکہ کی جانب سے آٹھ ممالک کو ایرانی خام تیل خریدنے کا استثنیٰ 2 مئی کو ختم ہو جائے گا۔
جنرل سلیمان ،امریکہ سے بات چیت کے مخالف
تہران۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی پاسداران انقلاب کی سمندر پار عسکری کارروائیوں میں سرگرم تنظیم کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے امریکہ کیساتھ مذاکرات کی تجاویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں سے مذاکرات ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ ’العربیہ‘کے مطابق امریکہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دی گئی ’فیلق القدس‘ کے سربراہ نے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کے اس بیان پر شدید تنقیدکی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ ایران کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کیلئے مذاکرات پرتیار ہے۔ انہوںنے کہا کہ امریکی دبائو کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران کو’اقتصادی مزاحمت‘ کی پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔