ہر شعبہ حیات سے عوام کی شرکت ، وزیر جنگلات جوگو رامنا کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر جنگلات ، ماحولیات و بہبود ، پسماندہ طبقات تلنگانہ مسٹر جوگو رامنا نے واضح طور پر کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں تیسرے مرحلہ کے ہریتا ہارم پروگرام کو ایک عوامی تحریک کی طرح منظم کیا جائے گا اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے آگے آنے کی پر زور اپیل کی ۔ آج یہاں ارنیا بھون واقع سیف آباد میں ہریتا ہارم تیسرے مرحلہ پروگرام کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریتا ہارم پروگرام کے تیسرے مرحلہ کے سلسلہ انجام دئیے جانے والے اقدامات و انتظامات کا وزیر نے جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ صرف شجرکاری کرنا ہی نہیں ہے بلکہ ان پودوں کا تحفظ کرنا ہر ایک کی اولین ذمہ داری ہوگی ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ اب تک انجام دیئے گئے دو مرحلوں کے پروگرام کے تجربوں کی بنیاد پر اب انجام دئیے جانے والے تیسرے پروگرام کو مزید بہتر انداز میں کامیاب بنانے کے اقدامات کریں ۔ مسٹر جوگو رامنا نے کہا کہ اس مرتبہ پرنٹ میڈیا ، الیکٹرانک میڈیا ، کلاجاتاوں ، دیواری پوسٹرس ، طلباء کے نوٹ بکس اسٹیکرس وغیرہ کی اجرائی کے ذریعہ بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ’ سیڈ بموں Seed Bombs کے ذریعہ شجرکاری کرنے کے ایک انوکھے طریقہ کار پر اس بار پہلی مرتبہ عمل کیا جائے گا اور تیسرے ہریتا ہرم پروگرام میں عوام کو ان کی خواہش کے مطابق پودے فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام میں شجرکاری کے شوق کو بڑھاوا دیا جاسکے ۔ بالخصوص اس مرتبہ مختلف میوؤں کے پودوں کی فراہمی و شجرکاری کے لیے منصوبہ جات مرتب کئے گئے ہیں ۔ فی الوقت 21 لاکھ مختلف میوؤں کے پودے شجرکاری کے لیے تیار رکھے گئے ہیں ۔ وزیر نے بتایا کہ ریاستی سطح پر منظم کیے جانے والے تیسرے مرحلہ کے ہریتا ہرم پروگرام کا 12 جولائی کو ضلع کریم نگر مستقر پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ رسمی افتتاح انجام دیں گے ۔ اجلاس میں پرنسپال سکریٹری محکمہ جنگلات و ماحولیات مسرس رجت کمار ، پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فارسٹ مسٹر پرشانت کمار جھا ، ایڈیشنل پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فارسٹس ، پردھوی راج منیندرا ، شوبھا ، ایم آر ، بھاتجا ، جیسوال ، گپتا ، ایس سرینواس و دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی شریک تھے ۔۔