وزیراعظم کی زیرصدارت جائزہ اجلاس ، پٹھان کوٹ فضائیہ کے اڈہ پر دو منزلہ عمارت دھماکہ سے دہل گئی
پٹھان کوٹ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا تاکہ پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے فوجی اڈہ پر دہشت گرد حملہ اور بعد ازاں وہاں سے انہیں نکال باہر کرنے کیلئے فوج کی کارروائی پر غور کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں اس اجلاس میں کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ پر حملے پر بھی غور کیا گیا ۔ دریں اثناء اطلاعات کے بموجب 6 عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔ این آئی اے نے تین مقدمات درج کرلئے ہیں جبکہ برسراقتدار بی جے پی نے اپوزیشن کانگریس پر اس حملے کو بھی سیاست رنگ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ہندوستان نے حملہ کی تمام تفصیلات پاکستان کو فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ پٹھان کوٹ فضائیہ کے ہوائی اڈہ میں موجود ایک دہشت گرد کو جس کے ساتھ سکیوریٹی فورسس کی آج بھی لڑائی جاری رہی، ہلاک کردیا گیا۔ اعلی سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ ان دو دہشت گردوں میں ایک تھا جو دو منزلہ عمارت میں چھپے ہوئے تھے۔ یہ عمارت فوجیوں کے رہائش کے لئے استعمال ہوئی ہے۔ اس حملہ میں ملوث دہشت گردوں کی تعداد کے بارے میں اب تک کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آئی۔ یہ بھی نہیں معلوم ہوا تھا کہ آج جس دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا وہ پانچواں یا چھٹا شخص ہے جبکہ ہفتہ سے پٹھان کوٹ آپریشن جاری ہے۔ آج صبح بھی نیشنل سکیوریٹی گارڈز (این ایس جی) کے انسپکٹر و جنرل میجر جنرل دوشنت سنگھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہم نے چار دہشت گردوں کو ختم کیا ہے اور مزید دو دہشت گردوں کے خلاف آًپریشن قطعی مرحلہ میں پہنچ چکا ہے۔ امکان ہے کہ بہت جلد نتیجہ سامنے آجائے گا۔ فوجی کارروائی کے دوران اس دو منزلہ عمارت میں جہاں دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں، طاقتور دھماکہ ہوا جس سے عمارت دہل گئی۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آج تیسرے دن بھی جاری رہا۔ این ایس جی، آئی اے ایف اور فوجی عہدیداروں نے کہا کہ فضائیہ کے اصل اثاثہ جات کو نقصان نہیں پہنچا۔ بریگیڈیر انوپیندر سنگھ نے کہا کہ ایرفورس کا یہ اڈہ کافی وسیع و عریض ہے اور آئی اے ایف کے اہم اثاثے جات بھی یہاں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانی فضائیہ سے وابستہ اہلکاروں کے ارکان خاندان یہاں رہتے ہیں اور نئی اسکولس بھی اس احاطہ میں موجود ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ کے عہدیدار نے کہا کہ یہ ایک ’مینی سٹی‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری دہشت گرد حملہ کے سلسلہ میں انٹلیجنس اطلاع کے بعد سے ہی چوکسی بڑھادی گئی تھی۔ آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری طرح تیاری کے ساتھ آئے اور کافی اسلحہ بھی ان کے پاس موجود ہے۔ ان کا مقصد پٹھان کوٹ فضائی اڈہ کے اہم ٹثاثہ جات بشمول طیاروں اور ہیلی کاپٹر کو تباہ کرنا تھا۔ وہ اس بات کی طمانیت دلاتے ہیں کہ تمام اثاثے جات محفوظ ہیں۔ آج تیسرے دن آپریشن کے دوران زائد کمک یہاں روانہ کی گئی۔ دفاعی ذرائع نے کل رات بتایا کہ ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد فضائی اڈہ کے عقبی حصہ میں جنگلاتی علاقہ سے یہاں گھس گئے تھے۔