تیسری منزل سے گر کر دو کمسن لڑکیاں ہلاک

چلکل گوڑہ میں واقعہ ‘ ایک کو بچانے کی کوشش میںدوسری بھی گرپڑی
حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) چلکل گوڑہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں سرپرستوں کی لاپرواہی نے دو معصوم لڑکیوں کی جان لے لی۔ تفصیلات کے بموجب 5 سالہ شریا اور 10 سالہ پلوی اُس وقت برسر موقع ہلاک ہوگئے جب گھر کی تیسری منزل پر کھیل کے دوران نیچے گر پڑے۔ ذرائع نے بتایا کہ پلوی اور شریا جو پڑوسی بتائے گئے، مکان کی چھت پر کھیل رہے تھے کہ 5 سالہ شریا اتفاقی طور پر وہاں سے گررہی تھی کہ 10 سالہ پلوی نے اُس کی ٹی شرٹ پکڑ لی اور اُسے بچانے کی کوشش کی شرٹ پھٹ کر شریا نیچے گر پڑی جس کو بچانے کے دوران پلوی بھی توازن کھوکر زمین پر گر پڑی جس کے نتیجہ میں دونوں برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں کمسن لڑکیاں مکان میں پارک کی گئی کار پر گریں۔ پولیس چلکل گوڑہ نے بتایا کہ لڑکیاں چھت پر کھیلنے کا اُن کے والدین کو علم نہیں تھا اور گرنے کی آواز کے بعد سرپرستوں کو حادثہ کا پتہ چلا۔ دونوں لڑکیاں ریلوے ملازمین کی بیٹیاں بتائی گئی ہیں۔ شریا ، ریلوے الیکٹریشن کرشنا پرساد کی بیٹی تھی جبکہ پلوی، ریلوے اے سی ٹیکنیشن بابو راؤ کی بیٹی تھی۔ چھت سے گرنے کے واقعہ کی چشم دید گواہ پڑوسی ریلوے ملازمہ ہیما بندو ہے جس نے بتایا کہ شریا کھیل کے دوران اپنا توازن کھوکر چھت سے گررہی تھی کہ پلوی نے اُسے تھام لیا لیکن دونوں گر پڑے۔ شدید زخمی حالت میں لڑکیوں کو ریلوے اسپتال لالہ گوڑہ منتقل کیا گیا بعدازاں اُنھیں خانگی دوخانہ منتقل کیا گیا جہاں بعد معائنہ اُنھیں مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس چلکل گوڑہ نے مقدمہ درج کرکے نعشوں کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردیا۔