تیستا سیتلواڈکی فرم کو بیرونی فنڈز کی انکوائری

سی بی آئی کارروائی کی ہدایت، بینک کھاتہ منجمد
نئی دہلی ، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) سماجی جہدکار تیستا سیتلواڈ کیلئے تازہ پریشانی میں حکومت نے آج سی بی آئی سے کہا کہ اُن سے مربوط خانگی فرم ’سبرنگ کمیونکیشن اینڈ پبلشنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ ‘ کو بیرونی عطیہ دہندگان سے زائد از 3 کروڑ روپئے کی وصولی کی تحقیقات کرے کیونکہ ایف سی آر اے قواعد کی مبینہ خلاف ورزی ہوئی ہے۔ بیرونی معطی گوشوں میں امریکہ نشین فورڈ فاؤنڈیشن شامل ہے۔ ایک متوازی اقدام میں حکومت نے جوہو، ممبئی میں واقع اس فرم کا بینک کھاتہ منجمد بھی کردیا جبکہ وزارت داخلہ نے ادعا کیا کہ یہ فرم بیرون ملک سے فنڈز حاصل کرنے کی مجاز نہیں کیونکہ یہ فارن کنٹری بیوشنس ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہے۔ قواعد کے مطابق کوئی پرائیویٹ فرم سمندر پار سے عطائے صرف اسی وقت وصول کرسکتی ہے جبکہ وہ ایف سی آر اے کے تحت درج رجسٹر ہو۔ وزارت نے آئی ڈی بی آئی بینک سے بھی کہا کہ اس فرم کا اکاؤنٹ منجمد کردے اور اس کی اجازت کے بغیر بیرونی عطیہ کی مزید وصولی اور اجرائی نہ کی جائے۔