احمدآباد۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات ہائیکورٹ نے 2002ء کے فساد سے بدترین متاثرہ گلبرگ سوسائٹی سے متعلق فنڈس میں تغلب و ہیرپھیر کے ایک مقدمہ میں سماجی کارکن تیستاسیتلواد، ان کے شوہر جاوید آنند اور فسادات میں مقتول کانگریس رکن راجیہ سبھا احسان جعفری کے بیٹے تنویر کی گرفتاری پر 4 اپریل تک حکم التواء جاری کردیا۔
جسٹس اننت داوے نے سیتلواد اور دوسروں کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کے بعد کرائم برانچ کے نام نوٹس جاری کی اور آئندہ پیشی 4 اپریل کو مقرر کی گئی۔ تیستاسیتلواد، جاوید آنند، تنویر، گلبرگ سوسائٹی کے چیرمین سیلم سندھی اور سکریٹری فیروز گلزار 25 مارچ کو سیشنس کورٹ میں اپنی درخواست مسترد کئے جانے کے بعد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کیا تھا۔ تیستا سیتلواد کے وکیل نے بحث کے دوران استدلال پیش کیا کہ ان کی موکل اور دوسروں کو تحقیقاتی ادارہ نے غلط پور پر پھنسانے کی کوشش کی ہے۔