نئی دہلی ۔19مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج تیستاسیتلواد اور ان کے شوہر کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کو وسیع تر بنچ سے رجوع کردیا ہے ۔ یہ مقدمہ 2002ء فسادات میں احمدآباد کے گلبرگ سوسائٹی کے میوزیم کے فنڈس میں مبینہ غبن سے متعلق ہے ۔ عدالت نے ان کی گرفتاری کے خلاف تحفظ فراہم کرنے والے عبوری حکم نامہ میں توسیع بھی کردی ۔ جسٹس دیپک مشرا کی زیرقیادت بنچ نے سیتلوا کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر ایک ماہ قبل اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وسیع بنچ کو اس معاملہ میں غور کرنا چاہیئے کہ کیا کسی ایسے شخص کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جاسکتی ہے جس میں ساتھ ہی ساتھ آزادانہ و مؤثر تحقیقات کی آزادی کا بھی احاطہ کیا جائے ۔ جسٹس مشرا نے بنچ کی طرف سے جس میں جسٹس آدرش کمار گوئل بھی شامل ہیں پانچ صفحات پرمشتمل فیصلہ میں دوسرے امریکی صدر جان ایڈمس ‘ بولنگ بروک اور ایڈمنٹ برک کا حوالہ دیا ۔ یہ موضوعات بالترتیب جمہوریہ ‘ آزادی اور سوسائٹی پر کنٹرول سے متعلق ہے ۔ بنچ نے ایڈمس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنے ملک کے قوانین کا تابع ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔