محکمہ برقی کے عہدیداروں کی لاپرواہی ، خلل کے استفسار پر لاجواب ، رات تا صبح تک برقی میں رکاوٹ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شہر میں جاری غیر موسمی بارش و تیز ہواوں کے سبب گزشتہ شب شہر کے بیشتر علاقوں میں رات بھر برقی سربراہی مسدود رہی ۔ کئی علاقوں میں صبح 9 تا 10 بجے کے درمیان برقی سربراہی بحال کی گئی جب کہ بعض علاقوں سے برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل کے باعث الیکٹرانک اشیاء کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں برقی سربراہی میں پیدا ہوئے اس خلل کے متعلق کوئی عہدیدار جوابدہی کے لیے تیار نہیں ہے ۔ پرانے شہر کے علاقوں حسینی علم ، لعل دروازہ ، ہری باولی ، انجن باولی ، فلک نما ، شاہ علی بنڈہ ، چارمینار ، دارالشفاء ، منڈی میر عالم ، پرانی حویلی ، مغل پورہ ، تاڑبن ، کالا پتھر ، مصری گنج ، چندرائن گٹہ ، بارکس ، شاہین نگر ، حافظ بابا نگر کے علاوہ کئی علاقوں میں رات تقریبا 2-30 بجے برقی سربراہی مسدود ہوگئی اور پھر صبح ہی برقی سربراہی بحال کی گئی ۔ نئے شہر کے علاقوں مہدی پٹنم ، مانصاحب ٹینک ، بنجارہ ہلز ، ٹولی چوکی اور دیگر علاقوں سے بھی اس بات کی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ رات سے برقی سربراہی میں مسلسل خلل پیدا ہورہا تھا ۔ حیدرآباد میں برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کے متعدد دعوے کئیے جاتے ہیں لیکن ریاست کے صدر مقام میں ہی برقی سربراہی کو موثر نہ بنائے جانے سے عوام میں شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ حکومت کی جانب سے ریاست کو فاضل برقی والی ریاست بنانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھنے کے اعلانات کے ساتھ عملی اقدامات پر بھی غور کرنا چاہئے چونکہ صرف اعلانات سے ریاست میں برقی صورتحال میں بہتری پیدا نہیں ہوسکتی ۔ شہری علاقوں میں معیاری برقی کی عدم سربراہی سے اندازہ ہوتا ہے کہ اضلاع اور دیہاتوں کی صورتحال کیسی ہوگی ۔ گذشتہ دو یوم سے دونوں شہروں میں جاری رات کے اوقات میں ہلکی اور تیز بارش کے دوران برقی سربراہی مسدود ہونے کے سبب عوام کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور کئی علاقے جو کہ مچھروں سے پریشان ہیں ان علاقوں میں برقی سربراہی مسدود ہونے کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب ریاست میں برقی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کا آغاز شہری علاقوں میں موثر و معیاری بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بناتے ہوئے کیا جانا چاہئے ۔ گزشتہ شب محکمہ برقی سے رابطہ کی کوششوں میں ناکامی کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں بتایا جاتا ہے کہ برقی سربراہی میں خلل کے متعلق شکایت کے لیے فون گھنٹوں مصروف رہا اور ٹول فری نمبر پر متعدد شکایات کے کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔۔