تیز رفتار گاڑی دریائے گوداوری میں گرپڑی ، 22 ہلاک

راجمندری ۔ 13 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کے علاقہ دھویشورم میں تیز رفتار گاڑی پل سے دریائے گوداوری میں گرجانے کے نتیجہ میں اس میں سوار کم سے کم 22 افراد ہلاک ہوگئے ۔ جن میں سات بچے بھی شامل ہیں ۔ یہ المیہ اس وقت پیش آیا جب یاتریوں کا ایک گروپ اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکل ( ایس یو وی ) کے ذریعہ تروپتی مندر میں پوجا کے بعد واپس ہورہا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ ان بدنصیب مسافروں کا تعلق وشاکھا پٹنم کے قریب ٹاون اچیوتا پورم سے تھا ۔ اس المناک واقعہ میں ایک کمسن بچہ کرشماتی طور پر زندہ بچ گیا ہے ۔ جس کو زخمی حالت میں بغرض علاج ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ ضلع مشرقی گوداوری کے کلکٹر ارون کمار نے کہا کہ یہ گاڑی دریائی پل کی فصیل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں فصیل ٹوٹ گئی اور گاڑی بلندی سے دریا میں گرپڑی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ المناک حادثہ رات کے پچھلے پہر پیش آیا لیکن پولیس کو صبح 5 بجے مطلع کیا گیا ۔ متعلقہ افسر نے کہا کہ ’’ یہ دراصل خالصتاً غفلت و لاپرواہی کے ساتھ گاڑی چلانے کا واقعہ ہے کیوں کہ یہ اس سڑک کا کوئی مخدوش علاقہ نہیں تھا اور نہ ہی اس راستہ پر کوئی ٹریفک تھی ‘‘ ۔ کلکٹر ارون کمار نے کہا کہ مہلوکین کے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثا کے حوالہ کی جارہی ہیں ۔ اس دوران آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر اپنا پیغام پوسٹ کیا جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 22 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور ایک کمسن لڑکا کرشماتی طور پر زندہ بچ گیا ہے ۔ جس کا علاج کیا جارہا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ زخمی لڑکے نے مقام حادثہ کا دورہ کرنے والے ہمارے وزیر داخلہ سے بات کی ۔ ہم اس کو ممکنہ مدد پہونچا رہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر داخلہ نما کائیلہ چنا راجپا نے جن کا تعلق بھی اسی ضلع سے ہے متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثہ پر گہری رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے بھی اس المناک حادثہ پیش افسوس و تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔