تیز رفتار ڈرائیونگ کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم

869 مقدمات درج ۔ ٹریفک پولیس کو عوامی شکایات پر کارروائی
حیدرآباد ۔ یکم ؍ فبروری( سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقوں میں تیز رفتار اور خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث افراد کے خلاف حیدرآباد ٹریفک پولیس نے آج خصوصی مہم کے تحت 869 مقدمات درج کئے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس مسٹر جیتندر نے بتایا کہ بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز علاقوں میں مسلسل تیز رفتار اور بے راہ روی سے گاڑی چلانے کی شکایتیں عوام کی جانب سے موصول ہو رہی تھی جس کے سبب آج ایک خصوصی مہم چلائی گئی جس کے تحت موٹر سیکل اور کار ڈرائیورس کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے والے افراد جن میں 617 کار ڈرائیورس اور 151 موٹر سیکل سوار کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ اسی طرح خطرنا ڈرائیونگ میں ملوث 49 کار ڈرائیور اور 34 موٹر سیکل سوار افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ بغیر لائسنس اور بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیاں چلانے والے 18 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ مسٹر جیتندر نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کو عوام کی جانب سے مسلسل شکایتیں موصول ہو رہی تھی جس میں اتوار کے دن بے راہ روی سے گاڑیاں چلانے اور خطرنا ک ڈرائیونگ میں ملوث ہونے سے متعلق آگاہ کیا گیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس قسم کارروائی جاری رہے گی ۔