سی اے جی کی رپورٹ ، قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا یوم تاسیس تلنگانہ تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) ملک بھر میں ریاست تلنگانہ تیز رفتار ترقی کرنے والی ریاستوں میں سرفہرست ریاست شمار کی جا رہی ہے اور سی اے جی رپورٹ کے مطابق 2016-17کے دوران معاشی ترقی میں ریاست تلنگانہ نے ملک کی دیگر تمام ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اس مالی سال کے دوران 17.82شرح ترقی کے ذریعہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج تلنگانہ کے تیسرے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔تلنگانہ کے تیسرے یوم تاسیس کے موقع پر انہوں نے ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور تحریک تلنگانہ کے لئے قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی تحریک اور قربانیوں کے نتیجہ میں علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب پورا ہوا ہے۔اس موقع پر حکومت کی جانب سے مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو ایوارڈس پیش کئے گئے۔ ایوارڈس حاصل کرنے والی اہم شخصیتوں میں شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حضرت مولانا محمد خواجہ شریف ‘ جناب اسلم فرشوری‘ نذیر و وصیر وارثی (وارثی برادران) ‘ مسٹر پی انیل کمار کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں شامل ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں تمام طبقات کی یکساں ترقی شامل ہے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت انتہائی مسرت کے ساتھ اس بات کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہے کہ ملک میں زچہ خواتین کے لئے ریاست تلنگانہ میں منفرد اسکیم ’کے سی آر کٹ‘ شروع کی جا رہی ہے اور 3جون سے ان کٹس کی تقسیم کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ان کی حکومت کی جانب سے ریاست میں تنہاء خواتین کو ماہانہ 1000روپئے وظیفہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اسکیم پر بھی کل سے عمل آوری کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے ریاست میں بکروں کی افزائش کے علاوہ افزائش مویشیاں کے ساتھ مچھلی کی افزائش کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والی اسکیمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان اسکیمات میں بھی خواتین کو ترجیح دی جائے گی۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت 40ہزار کروڑ روپئے فلاحی اسکیمات پر خرچ کررہی ہے تاکہ ریاست کے عوام کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستو ںمیں سماجی انصاف اور ترقی کے امور میں رول ماڈل بنتی جا رہی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے 3سال کی مختصر مدت میں عوام کے دلو ںمیں اپنی جگہ بنائی ہے اور 35فلاحی اسکیمات کے آغاز کے ساتھ حکومت نے ریاست کے عوام کو راست فائدہ پہنچانے کے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے شادی مبارک‘ کلیان لکشمی اسکیم کا آغاز کیا اور ان اسکیمات سے ہزاروں خاندانوں نے استفادہ کیا ہے اسی طرح حکومت نے 512رہائشی اسکولوں کا آغاز عمل میں لایا ہے جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے نوجوان مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال ایس سی ڈگری کالج کے طرز پر ایس ٹی ڈگری کالجس کی شروعات بھی عمل میںلائی جائے گی۔ ریاستی حکومت نے وکلاء اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی مالیہ کی تخصیص عمل میںلائی ہے۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں برقی انفراسٹرکچر میں لائی گئی بہتری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے تشکیل تلنگانہ کے بعد سب سے اہم چیالنج سے نمٹتے ہوئے ریاست میںبرقی قلت کے مسئلہ سے بہ آسانی نمٹا ہے اور حد درجہ اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ 24گھنٹہ بلا وقفہ معیاری برقی کی سربراہی کو ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے مشن بھاگیرتا کے تحت پینے کے صاف پانی کی گھر گھر تک فراہمی کے منصوبہ کے علاوہ مشن کاکتیہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ان اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کسانوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے بھی سرکاری سطح پر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ریاست کی شاہراہوں اور ٹرانسپورٹ شعبہ میں جاری ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں معیاری ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی کیلئے ریاستی حکومت کوشش کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں بھی ریاست تلنگانہ بڑی حد تک کامیاب ہوئی ہے۔چیف منسٹر نے ٹی ایس آئی پاس کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی صنعتی پالیسی اب دیگر ریاستیں اختیار کرنے لگے ہیں جو ریاست تلنگانہ کی کامیابی کی دلیل ہے۔انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی صنعت میں بھاری سرمایاکاری ریکارڈ کی جا رہی ہے اور تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے والی پہلی ریاست کا موقف حاصل ہونے کے بعد تلنگانہ کی سمت سرمایہ کاروں کی رغبت میں اضافہ ہوا ہے۔چیف منسٹر نے ریاست کی زرعی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ ریاست میں مشن کاکتیہ کے ذریعہ 35ہزار تالابوں کو دوبارہ بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کا فائدہ کھیتوں اور زرعی اراضیات کو ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ تاحال 16ہزار تالابوں کی بازیافت کرلی گئی ہے اور جاریہ سال مزید 5ہزار تالابوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس موقع پر کہا کہ ریاستی حکومت آبائی ذرائع آمدنی و تجارت کو فروغ دینے کے لئے مویشی پالن اور افزائش مویشیاں کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر چیف منسٹر نے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی تمام اسکیمات کی کامیابی کیلئے دعاء کی۔ انہوں نے قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اس سے قبل تیسرے یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر اعلی عہدیداروں کے علاوہ سیاسی قائدین ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کے علاوہ دیگر موجود تھے۔چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ریاست کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کے ساتھ ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے ریاست کے عوام کے تمام طبقات کو ساتھ لیکر ترقی کی منزلیں طئے کر رہے ہیں۔