تیج پال کی عبوری ضمانت میں سپریم کورٹ کی توسیع

نئی دہلی 27جون (سیاست ڈاٹ کام) تہلکہ کے بانی ایڈیٹر ترون تیج پال کی عبوری ضمانت کی معیاد میں سپریمکورٹ نے یکم جولائی تک توسیع کردی ۔ جبکہ باقاعدہ ضمانت پر منظوری کی درخواست کی سماعت کی جائے گی ۔ ترون تیج پال کو جنسی حملہ مقدمہ میں گرفتار کیاگیا ہے۔جسٹس وکرم جیت سین اور شیو کیرتی سنگھ پر مشتمل ایک بنچ نے اپنا یہ فیصلہ سنایا ۔ حکومت گوا نے 51 سالہ تیج پال کی عبوری ضمانت کی منظوری کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ اور اس کا دوست بعض نا معلوم مقامات سے دھمکی آمیز ای میل وصول کررہے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان پرنگرانی رکھی گئی ہے تاہم بنچ نے راحت رسانی میں توسیع کرتے ہوئے کہا کہ تیج پال کی باقاعدہ ضمانت پر رہائی کی درخواست صرف تین دن بعد زیر سماعت آنے والی ہے ۔ سپریم کورٹ نے 19 مئی کو انہیں تین ہفتہ کی عبوری ضمانت منظوری کی تھی تا کہ وہ اپنی والدہ کی چتا نذر آتش کرسکیں جن کا انتقال 18 مئی کو ہوا تھا اور بعدازاں باقی رسومات میں شرکت کرسکے ۔ تیج پال پر عصمت ریزی،جنسی ہراسانی اور اپنی جونیرساتھی کے وقار پر حملہ کا فرد جرم عائد کیاگیا تھا۔ تیج پال کو 30 نومبر 2013 کو گرفتار کیاگیا اور وہ فی الحال عبوری ضمانت پر رہا ہے۔