تیانمن اسکوائر واقعہ کے 30برس، یورپی یونین کا اظہار یکجہتی

بروسلز۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) چینی حکومت کی طرف سے بیجنگ کے تیان من چوک پر مظاہرین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کو آج30 برس مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع کی مناسبت سے یورپی یونین نے بیجنگ پر زور دیا ہے کہ وہ جمہوریت نواز کارکنوں کو رہا کر دے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یورپی کونسل اس ’بھیانک جبر‘ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ان کا اشارہ 1989ء میں 3 اور 4 جون کی درمیانی شب چینی حکومت کی طرف سے بیجنگ کے تیان من چوک میں کی جانے والی وہ کارروائی تھی، جس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے۔ ادھر امریکہ نے بھی کہا ہے کہ اس واقعہ میں ہلاک یا لاپتہ ہونے والے جمہوریت نواز افراد کی مکمل فہرست جاری کی جائے۔