نئی دہلی ۔ /7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مجاہدین نے آنے والے تہواروں کے دوران دہلی اور دیگر ریاستوں میں حملوں کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے انڈین مجاہدین کے گرفتار کارکن کی تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ۔ سینئر پولیس عہدیدار کے مطابق 27 سالہ اعجاز شیخ نے بتایا کہ پاکستان میں موجود یٰسین بھٹکل اور محسن چودھری نے اسے براہ لکھنؤ ، مرادآباد اور سہارنپور دارالحکومت نئی دہلی پہونچنے کی ہدایت دی تھی تاکہ سکیورٹی ایجنسیوں کی زد میں آنے سے بچاجاسکے ۔ دہلی میں اسے آگے کی کارروائی کیلئے حکم کا انتظار تھا ۔ اعجاز شیخ کو پہلے فبروری 2010 ء جرمن بیکری بمباری میں یٰسین کی مدد کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی ۔اعجازشیخ ایک تکنیکی ماہر ہے جو حوالہ معاملتوں کے ذریعہ دہشت گرد تنظیموں کو مالی مدد فراہم کیا کرتا تھا ۔ اس کا مقصد دہشت گرد حملوں کا منصوبہ بنانے والوں کو رقم فراہم کرنا تھا ۔ واضح رہے کہ اعجاز شیخ کو نیپال سے دہلی سفر کے دوران گرفتار کیا گیا تھا ۔ دہلی پولیس اور اترپردیش پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سہارنپور ریلوے اسٹیشن کے قریب اسے جمعہ کی شب گرفتار کیا تھا ۔ پولیس اب ان افراد کا پتہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے جن سے اعجاز شیخ نے لکھنؤ اور مرادآباد میں دوران سفر ملاقات کی تھی ۔ یہ بھی پتہ چلایا جارہا ہے کہ ان شہروں میں اس کا قیام کہاں اور کتنے عرصہ کیلئے تھا ۔