نئی دہلی ۔ 30نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) حز ب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کا بیٹا جو دہشت گردی کیلئے فنڈز فراہم کرنے سے متعلق کیسوں کے سلسلہ میں تہاڑ جیل میں قید ہے‘ وہ 18 قیدیوں میں شامل ہے جو سیکورٹی گارڈس کے ساتھ ہاتھاپائی میں زخمی ہوگئے ۔ عہدیداروں نے آج کہا کہ سید شاہد یوسف کے بشمول تمام 18قیدیوں کو زخم آئے جب اُن کا ٹاملناڈو اسپیشل فورس کے ارکان کے ساتھ الجھا ہوا ۔ اُن کے ایک جسمانی معذور آفیسر پر تہاڑ سنٹرل جیل کے تین قیدیوں نے حملہ کیا جس پر انہوں نے مداخلت کی اور بات بڑھ گئی ۔ یہ واقعہ 21اور 22نومبر کی درمیانی رات معمول کی چیکنگ کے دوران پیش آیا ۔ تہاڑ جیل حکام نے مرکزی وزارت داخلہ کو گذشتہ روز پیش کردہ رپورٹ میں یہ تفصیل بتائی ہے۔ زخمی قیدیوں کا یہاں ایمس سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کی تین رکنی ٹیم معائنہ کررہی ہے ۔ ڈسٹرکٹ جج رتبہ کے عہدیدار کی زیرقیادت انکوائری ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو واقعہ کی جانچ کرے گی۔