نئی دہلی ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی نے آج تہاڑ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو 2 قیدیوں کے گذشتہ ماہ جیل سے فرار کے سلسلہ میں معطل کردیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد سپرنٹنڈنٹ او پی بھٹی کو معطل کردیا گیا۔ معطلی کا حکم نامہ جاری کیا جاچکا ہے۔ صرف لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کی منظوری باقی ہے۔ یہ کارروائی دو قیدیوں کے جیل سے فرار کے پیش نظر ضروری ہوگئی تھی۔ حکومت نے آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کروائی تھیں جس کے مطابق متعلقہ افسر کو اپنے عہدہ پر مزید برقرار نہیں رکھا جاسکتا کیونکہ وہ تحقیقات کے نتائج پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر (غربی) بی ایس جوگلان پہلے ہی اس واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ حکومت دہلی نے تہاڑ جیل کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہیکہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بھٹی ہیڈکوارٹرس سے بااختیار عہدیدار کی اجازت حاصل کئے بغیر باہر نہ جائیں۔ دہلی کے ریاستی وزیرداخلہ ستیندر جین نے ایک تفصیلی رپورٹ تہاڑ جیل کے عہدیداروں سے جیل خانے کے حالات کے بارے میں طلب کی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے تجویز بھی طلب کی ہے جو جیل کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہوگی۔