تھیٹرس ، شاپنگ مالس و ملٹی پلکس میں جبراً پارکنگ فیس وصولی

حکومت تلنگانہ کی پالیسی اور اعلان کی کھلی خلاف ورزی
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے اعلان کردہ پارکنگ پالیسی ہو یا تھیٹر میں پارکنگ فیس کی وصولی کے سلسلہ میں عدالتی احکام ہو ان پر عمل آوری کے سلسلہ میں ہونے والی کوتاہی کے سبب شہریوں کو اب بھی کئی مقامات پر پارکنگ فیس ادا کرنی پڑ رہی ہے اور اگر شہریوں کی جانب سے پارکنگ فیس ادا نہیں کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں پارکنگ فیس کی وصولی کے لئے موجود عملہ شہریوں سے الجھ رہا ہے اور انہیں کسی بھی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کا خوف نظر نہیں آرہا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے ملٹی پلکس اور شاپنگ مالس کے علاوہ شہر میں کسی بھی مقام پر ابتدائی 30 منٹ مفت پارکنگ اور جس جگہ گاڑی پارک کی گئی ہے وہاں پارکنگ فیس سے زیادہ رقم خرچ کئے جانے پر کوئی فیس ادا نہ کرنے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے لیکن ا س پالیسی پر کوئی عمل آوری نہیں کی جا رہی ہے اور شہر کے بیشتر تھیٹرس اور شاپنگ مالس و ملٹی پلکس میں اب بھی پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے بیشتر کارپوریٹ دواخانوں میں پارکنگ فیس کی وصولی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جبکہ کارپوریٹ دواخانوں میں لوگ لاکھوں روپئے فیس ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی پارکنگ عملہ کی جانب سے فیس کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے اسی طرح تھیٹرس میں پارکنگ فیس کی وصولی کے سلسلہ میں ہائی کورٹ نے احکام جاری کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ تھیٹر میں کسی قسم کی پارکنگ فیس وصول نہیں کی جانی چاہئے لیکن ان احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے تھیٹر اور ملٹی پلکس میں بھی پارکنگ فیس کی وصولی عمل میں لائی جا رہی ہے اور کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے متعدد مرتبہ یہ اعلانات کئے جا رہے ہیں کہ بلدی عملہ اس طرح کی حرکتوں کو روکنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے ۔ملٹی پلکس اور شاپنگ مالس کے علاوہ بعض سرکاری اداروں کے دفاتر میں بھی پارکنگ کی فیس وصول کی جا رہی ہے اور شکایت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ انتظامی امور اور گاڑیوں کی حفاظت کے لئے یہ رقم وصول کی جا رہی ہے۔ بلدیہ کی جانب سے پارکنگ فیس کی وصولی کی شکایت کے لئے 100 نمبر پر یا بلدیہ کے نمبر پر شکایت کرنے کی اپیل کی گئی تھی لیکن ان نمبرات پر بھی کی جانے والی شکایات کا کوئی اثر ہوتا نظر نہیں آرہاہے اور آئے دن مختلف مقامات پر پارکنگ فیس کے معاملہ پر جھگڑے کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور دواخانوں میں پارکنگ فیس کی وصولی کیلئے یہ جواز پیش کیا جا رہا ہے کہ دواخانوں میں مریض کی عیادت کرنے والوں کی گاڑیاں ہوتی ہیں اسی لئے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے۔ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کو اس سلسلہ میں حرکت میں آتے ہوئے فوری طور پر اقدامات کرنے چاہئے تاکہ دواخانوں کے علاوہ تھیٹرس‘ ملٹی پلکس اور شاپنگ مالس میں وصول کی جا رہی جبری پارکنگ فیس کی وصولی کو روکا جا سکے ۔