تھولیس، ہیلڈین اور کوسٹرلٹز کو فزکس کا نوبل انعام

اسٹاک ہوم، 4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں پیدا ہونے والے سائنس دانوں ڈیوڈ تھولیس ، ڈنکن ہیلڈین اور مائیکل کوسٹرلٹز کو مادہ کی غیرمعمولی شکلوں مثلاً سپر کنڈکٹر وغیرہ کے مطالعہ کے لئے 2016 کے نوبل انعام برائے فزکس کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔ یہ اطلاع انعام دینے والی روائل سویڈش اکیڈمی آف سائنس نے آج ایک بیان میں دی۔اکیڈمی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان سائنس دانوں کی شاندار تحقیق کی بدولت اب مادہ کی نئی اور انوکھی شکلوں اور مرحلوں کی تلاش شروع ہوگی۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اب لوگوں کو امید ہے کہ اس تحقیق کی روشنی میں مادیاتی سائنس اور الیکٹرانکس کے شعبہ میں نئی ایجادات اور اختراعات کا دور شروع ہوگا۔نوبل انعام کی رقم کا نصف تھولیس کو ملے گا جبکہ باقی رقم ہیلڈین اور کوسٹرلٹز کے درمیان تقسیم ہوگی۔