تھلیسمیا سے متاثرین کی امداد، تاجرین کا 116 یونٹ خون کا عطیہ

جگدیش مارکٹ کے تمام مذاہب کے تاجرین کا جذبہ انسانی ہمدردی
حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) تھلیسمیا سے متاثرہ مریضوں کو درکار خون کی ضرورت کی تکمیل کے لئے جگدیش مارکٹ سے تعلق رکھنے والے تاجرین نے 116 یونٹ خون کا عطیہ دیتے ہوئے تھلیسمیا سے متاثرین کی بروقت مدد کو یقینی بنایا۔ خون کی کمی سے متاثرہ بچوں کو خون فراہم کرنے کے لئے قائم کردہ سوسائٹی تھلسیمیا کی جانب سے جب یہ کہا گیا کہ تعطیلات کے سبب بچوں کو خون کا عطیہ دینے والے بیشتر طلباء اسکول و کالجس نہیں پہونچ پارہے ہیں جس کی وجہ سے تھلیسمیا سے متاثرہ بچوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہورہے ہیں اس پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جگدیش مارکٹ تاجرین اسوسی ایشن نے جگدیش مارکٹ میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور گزشتہ یوم منعقدہ اس کیمپ کے دوران 116 یونٹ خون جمع کیا گیا۔ کیمپ میں خاص بات یہ دیکھی گئی کہ عطیہ دینے والوں میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے نوجوان موجود تھے جنھوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تھلیسمیا سے متاثرہ بچوں کو خون کا عطیہ دیتے ہوئے اُن کی بروقت مدد کی۔ جناب مرزا علیم بیگ (تھلیسمیا کیر) نے بتایا کہ تھلیسمیا سے متاثرہ بچوں کو ماہانہ یا دو مہینے میں نیا خون چڑھانا پڑتا ہے اور پرانا خون تبدیل کردیا جاتا ہے اس لئے انھیں زیادہ سے زیادہ خون کی ضرورت پڑتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں چلائے جارہے مرکز پر روزانہ 35 تا 40 یونٹ خون درکار ہے لیکن موسم گرما اور تعطیلات کے سبب عطیہ دہندگان میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے متاثرین کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اُنھوں نے صحت مند نوجوانوں بالخصوص انسانی ہمدردی کا جذبہ رکھنے والوں سے خواہش کی کہ وہ تھلیسمیا کے متاثرین کے لئے خون کا عطیہ یقینی بنائیں تاکہ جن بچوں کو وقتاً فوقتاً خون کی ضرورت ہوتی ہے اُسے بروقت پورا کیا جاسکے۔ جگدیش مارکٹ میں منعقدہ خون کا عطیہ کیمپ میں عابڈس شاپنگ سنٹر، جگدیش مارکٹ اسوسی ایشن اور یونٹی بلڈنگ کے تاجرین نے حصہ لیا۔ جن میں محمد مسیح الدین، محمد جنید، محمد فیضل اور دیگر نے سرگرم حصہ لیا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اِس کارخیر میں حصہ لیتے ہوئے معصوم بچوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔