لندن۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی وزیراعظم تھریسامے کے قتل کے لیے بنائی گئی اسلامی دہشت گردی کی ایک سازش کو اس ملک کے سکیوریٹی ادارہ نے ناکام بناتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ برطانوی انسداد دہشت گردی ادارہ ایم آئی 5 اور پولیس کی طرف سے گزشتہ ہفتہ کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں دو افراد کوو گرفتار کرلیا گیا۔ ایک بیاگ میں چھپاکر رکھنے جانے والے بم کا استعمال کرتے ہوئے ڈائوننگ اسٹریٹ کے باب الداخلہ کو دھماکہ سے اڑانے اور پھر چاقوئوں کے ذریعہ حملہ کرتے ہوئے وزیراعظم کو ہلاک کرنے کی سازش رچنے کے شبہ میں ان دونوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مشتبہ افراد کو گزشتہ ہفتہ لندن اور برمنگھم میں کئے گئے دھائووں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر دہشت گردی سے متعلق جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں اور ویسٹ منسٹر کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سکیوریٹی عہدیداروں نے کہا ہے کہ اس سال مارچ کے بعد یہ 9 ویں مبینہ اسلامی دہشت گردی کی سازش ہے جس کو ناکام بنایا گیا ہے۔ مارچ کے دوران ویسٹ منسٹر میں حملے کے بعد سلسلہ وار حملوں کا آغاز ہوا تھا۔ پانچ دہشت گرد حملوں کے نتیجہ میں لندن اور مانچسٹر میں 36 افراد کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ برطانیہ میں مارچ اور جون کے دوران ہونے والے دہشت گرد حملوں سے متعلق رپورٹ میں تازہ ترین سازش کی تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں۔ ایم آئی 5 کے سربراہ اینڈ ریوپارکر نے گزشتہ روز کابینہ میں اس سازش کا انکشاف کیا۔ میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ شمالی لندن کے 20 سالہ نعیم الرحمن ذکریا اور برمنگھم کے 21 سالہ محمد عاقب عمران پر دہشت گرد حملے کی سازش تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔