تھانے کے اسکول میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر امتناع

ممبئی 25 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے شہر تھانے کے ایک خانگی اسکول نے مسلم طالبات ( لڑکیوں ) کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسکول انتظامیہ نے کہا ہے کہ احاطے میں سکیوریٹی وجوہات کی بنا پر حجاب کے استعمال پر پابندی عائد کی جا رہی ہے ۔ طالبات کے والدین نے اسکول انتظامیہ کے اس فیصلے پر احتجاج کیا ہے اور اسکول انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب سمبیاسیس کانونٹ ہائی اسکول ممبرا ( ضلع تھانے ) نے حال ہی میں ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں طالبات کے والدین اور رشتہ داروں سے کہا گیا ہے کہ اسکول کے احاطے میں داخل ہوتے ہوئے لڑکیوں کو نقاب ہٹاتے ہوئے اپنا چہرہ دکھانا ہوگا ۔ اس کے علاوہ سرکلر میںمزید کہا گیا ہے کہ طالبات کو اسکول سے باہر جاتے ہوئے بھی اپنے چہروں پر نقاب لگانے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے سرکلر جاری کئے جانے کے جواب میںمسلم طالبات کے والدین نے احتجاج کیا ہے ۔ اسکول انتظامیہ نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ کسی برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچانے کے مقصد سے نہیں بلکہ سب کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے ۔ اسکول ٹرسٹی کمل راج دیو نے کہا کہ کچھ طالبات مکمل نقاب اور برقعہ میں اسکول سے گئیں۔ جب والدین یہاں آئے تو ہماری سکیوریٹی نہیں جانتی تھی کہ طالبات کہیں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ حال ہی میںدو خواتین نے اسکول سے ایک طالب علم کے اغوا کی کوشش کی تھی ۔ دو خواتین ایک بچے کو جلد اسکول سے لیجانے کیلئے آئی تھیں اور ان کے چہرے ڈھنکے ہوئے تھے ۔ ہم نے کلاس ٹیچر کو طلب کیا تاہم کلاس ٹیچر کے یہاں آنے سے قبل ہی یہ دونوں خواتین وہاں سے فرار ہوگئیں۔