ممبئی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شہر ممبئی سے متصل تھانے ضلع میں واقع ڈومبویلی کی فیکٹری میں پیش آئے دھماکہ میں مہلوکین کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے ۔ملبہ میں آج ایک اور نعش دستیاب ہوئی ہے۔ نیشنل ڈیساسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے عہدیدار نے بتایا کہ مہلوکین کی تعداد 11 تھی اور آج فیکٹری کے احاطہ سے ایک اور نعش برآمد کرلی گئی۔ حادثہ کے دن 6 نعشیں اور گزشتہ کل 4 نعشیں دستیاب ہوئیں اور ایک زخمی ہاسپٹل میں جانبر نہ ہوسکا۔
انھوں نے بتایا کہ راحت و امداد کی کارروائی ختم کردی گئی ہے۔ مہلوکین میں کمیکل فیکٹری کے مالک ڈاکٹر وشواس وکاٹیکر کے 2 بیٹے اور ایک بہو شامل ہیں۔ دریں اثناء ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ دھماکہ کی اصل وجہ کا پتہ چلانے کے لئے فیکٹری انسپکٹر اور دیگر محکموں سے تعاون طلب کیا گیا۔ واضح رہے کہ شیواجی ادیوگ نگر میں واقع کمیکل فیکٹری میں جمعرات کے دن دھماکے سے ڈومبلویلی علاقہ دہل گیا تھا۔ مہیب آتشزدگی سے متصل فیکٹریوں کو زبردست نقصان پہنچا تھا۔ جبکہ دھماکہ کی شدت سے قرب و جوار کے 600 مکانات بھی متاثر ہوئے۔
بریلی میں عصمت ریزی کا واقعہ
بریلی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) علاقہ شیش گڑھ میں 2 نوجوانوں نے ایک 15 سالہ ہائی اسکول کی طالبہ کی عصمت ریزی کردی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کل پیش آیا جب یہ لڑکی ادویات خریدنے کے لئے جارہی تھی کہ 19 سالہ امتیاز اور 21 سالہ رشید علی نے ہوس کا نشانہ بنایا۔ تاہم مقامی افراد نے ملزمین کو پکڑ کر پولیس کے حوالہ کردیا۔ متاثرہ لڑکی کے والد کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرکے ملزمین کو جیل بھیج دیا گیا۔