تھانے میں سب اربن ٹرین سرویس مفلوج

ممبئی ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : ممبئی کے مضافات تھانے میں تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے سنٹرل ریلوے روٹ پر آج ٹرین سرویس میں خلل پڑ گیا جس کے خلاف برہم مسافرین نے راستہ روکو احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر سنگباری کردی تاہم پولیس نے تشدد پر آمادہ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کردیا ۔ ہاربر لائن پر بھی تشدد میں ٹرین ڈرائیوروں کے زخمی ہونے کے بعد سب اربن ٹرین سرویس متاثر ہوئی کیوں کہ ڈرائیوروں نے اپنی سلامتی کے اندیشہ سے ٹرین چلانے سے انکار کردیا ۔ دریں اثناء چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس ریل مسافرین کے پر تشدد احتجاج کے بعد رونما صورتحال کا جائزہ لیا اور عوام سے اپیل کی کہ امن و قانون کو برقرار رکھیں

اور بتایا کہ پولیس معمول کے حالات بحال کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات کرے گی ۔ مملکتی وزیر داخلہ رنجیت پاٹل نے بتایا کہ چیف منسٹر ہر 5 منٹ میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور آج کے واقعہ پر وزیر ریلوے سریش پربھو سے بھی بات چیت کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹھاکرولی اسٹیشن کے قریب آج صبح 6-30 بجے چھتراپتی شیواجی ٹرینس جانے والی ٹرین کے پینٹو گرافس اچانک ناکارہ ہوجانے پر سینکڑوں مسافرین کئی گھنٹوں تک پھنس گئے ۔ جس پر برہم مسافرین نے تھانے اور کلیان کے درمیان واقع دیوا اسٹیشن پر راستہ روکو احتجاج کیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ احتجاجیوں نے 3 گاڑیوں بشمول ایک پولیس کی جیپ کو نذر آتش کردیا ۔ بدلاپور سے سی ایس ٹی جانے والی ٹرین کے 3 پینٹو گرافس کو نقصان پہنچنے سے زبردست چنگاریاں نکلنے کے بعد ٹرین روک گئی ۔ اس واقعہ کے فوری بعد کلیان ۔ سی ایس ٹی ٹرین کو بھی اسی نوعیت کی ٹیکنیکی خرابی کے تلخ تجربہ سے گذرنا پڑا ۔

جس کے نتیجہ میں صبح کے مصروف ترین اوقات میں سی ایس ٹی روٹ پر ٹرین سرویس سست رفتار ہوگئی ۔ حتی کہ تیز رفتار ٹرین سرویس بھی متاثر ہوجانے کے بعد اس کا رخ دوسری سمت پر موڑ دیا گیا ۔ تقریبا 9-15 بجے مسافرین دیوا اسٹیشن پر پٹریوں پر بیٹھ کر ریل روکو احتجاج کیا اور سینکڑوں مسافرین کو ڈومبویلی اسٹیشن کی سمت پیدل جاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ جب کہ برہم مسافرین سے دومبویلی اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کی کھڑکیوں کو توڑ پھوڑ دیا اور آٹو میٹک ٹکٹ وینڈنگ مشین کو پٹریوں پر پھینک دیا گیا ۔ تاہم پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کر کے احتجاجیوں کو منتشر کردیا ۔۔