تھانے میں ایکسپریس ٹرین میں آتشزدگی

3 بوگیاں آگ کی لپیٹ میں ، محوخواب 9 مسافرین زندہ جل گئے، شارٹ سرکٹ کا شبہ
تھانے ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹرین میں آتشزنی کے واقعہ میں 9 محوخواب مسافرین زندہ نذرآتش ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع تھانے میں اس وقت پیش آیا جب باندرا ۔ دہرہ دون ایکسپریس کے 3 بوگیوں میںاچانک آگ لگ گئی اور اس نے محوخواب مسافرین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تقریباً 10 دن قبل اسی نوعیت کا ٹرین حادثہ پیش آیا تھا جس میں 26 مسافرین نذرآتش ہوگئے تھے۔ بتایا جاتا ہیکہ 2.50 بجے شب ایک بوگی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور اس نے دیگر دو بوگیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا اور اس وقت مسافرین حالت نیند میں تھے۔ ریلوے پی آر او شرت چندرا نے بتایا کہ ایک خاتون اور 4 مرد افراد جملہ 9 مہلوکین میں شامل ہیں جبکہ دیگر کی ابھی تک شناخت بھی نہیں ہو پائی۔ پولیس کے مطابق 4 مسافرین کو معمولی زخم آئے۔ ٹرین کے جن ڈبوں میں آگ لگی وہ S-2,S-3 اور S-4 ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ مسافرین S-4 کوچ میں تھے جن کی تعداد 64 ہے جبکہ S-2 میں 54 اور S-3 میں 3 مسافرین تھے۔

ریلوے بورڈ صدرنشین ارونندرا کمار نے بتایا کہ تباہ شدہ 3 بوگیوں کو ٹرین سے الگ کردیا گیا اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اس کے بعد ان 3 بوگیوں کو چھوڑ کر ٹرین نے اپنا سفر جاری رکھا۔ کئی مسافرین آگ لگنے کے بعد جیسے ہی بوگی میں دھواں بھر گیا تھا عقبی دروازے توڑ کر وہاں سے نکل جانے میں کامیاب رہے۔ واضح رہیکہ آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں 28 ڈسمبر کو بنگلور ۔ ناندیڑ ایکسپریس ٹرین کے ایرکنڈیشن کوچ میں آگ لگ گئی تھی جس میں 26 مسافرین ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ آج کے واقعہ میں شارٹ سرکٹ کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ S-3 کوچ کے الیکٹرک بورڈ میں برقی تار جلے ہوئے پائے گئے۔

وزیرریلوے ملک ارجن کھرگے نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا ہے۔ شدید زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ کمشنر ریلوے سیفٹی کے ذریعہ اس واقعہ کی تحقیقات کرائی جارہی ہے۔ ریلوے نے یہ دعویٰ کیا کہ ٹرین میں آتشزنی کے واقعات کو روکنے کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے باوجود وقفہ وقفہ سے ایسے حادثات تشویش کا باعث ہے۔ سال 2012-13ء میں اس نوعیت کے جملہ 9 واقعات پیش آئے جن میں 56 افراد ہلاک ہوئے۔ 30 جون 2012ء کو آندھراپردیش میں نیلور کے قریب دہلی ۔ چینائی ٹاملناڈو ایکسپریس کے ایک کوچ میں آگ لگنے سے 35 مسافرین ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔