بنکاک۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے ایک ایسے پولیس آفیسر نے جو ڈیوٹی پر نہیں تھا، ایک فرانسیسی سیاح کو چہارشنبہ کی صبح گولی مارکر ہلاک کردیا جو دراصل ایک شراب خانہ میں دونوں کے درمیان ہوئے جھگڑے کا نتیجہ تھا۔ پیرس کے ساکن 41 سالہ سیاح کو پولیس سرجنٹ میجر نے گولی مارکر ہلاک کردیا کیونکہ سیاح کے ساتھ آئی اس کی گرل فرینڈ سے پولیس آفیسر نے چھیڑ خانی کی تھی۔ دریں اثناء تھائی لینڈ کی امیگریشن پولیس نے بتایا کہ سیاح اور پولیس آفیسر دونوں ہی نشہ میں دُھت تھے اور گرل فرینڈ سے چھیڑ چھاڑ کو لے کر دونوں میں جھڑپ ہوگئی تھی تاہم پولیس آفیسر نے سیاح کا تعاقب کرتے ہوئے گولی ماردی۔ سیاح کے بارے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے بنکاک میں مقیم تھا۔ امیگریشن پولیس نے بتایا کہ تھائی پولیس آفیسر کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور فوری خدمات سے معطل کرکے مقدمہ چلایا جائے گا۔