نئی دہلی ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہفتہ طویل باہمی تعاون طلایہ گردی معاہدہ ہندوستان اور تھائی لینڈ کی بحریہ افواج کے درمیان طئے پایا ہے جس کے تحت انڈمان میں آج مشترکہ طلایہ گردی اختتام پذیر ہوئی۔ دونوں ممالک کے بحری افواج نے مشترکہ فوجی مشقیں کی تھیں اور مشترکہ طور پر طلایہ گردی کا اہتمام کیا تھا۔ یہ سلسلہ 2005ء سے مسلسل جاری ہے جس کے نتیجہ میں بحرہند کے اہم علاقہ کو محفوظ برقرار رکھنا ہے۔ بحرانڈمان اور متصلہ مالاکرا خلیج مواصلات کے لحاظ سے انتہائی اہم علاقے ہیں۔ رائل تھائی لینڈ بحری جہاز کل پورٹ بلیر پہنچاتھا تاکہ ہندوستان ۔ تھائی لینڈ مشترکہ طلایہ گردی کی 26 ویں اختتامی تقریب میں شرکت کرسکیں۔ طیارہ بردار بحری جہازوں نے مشترکہ طلایہ گردی کی مشقوں میں شرکت کی۔ تجارت کیلئے بحری راستہ کو محفوظ بنانا مشترکہ طلایہ گردی کا ایک اہم مقصد تھا۔