تھائی لینڈ کے 5مسلم طلباء پاکستان میں گرفتار

بنکاک ۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے پانچ مدرسہ طلباء کو پاکستان میں پستول اور گولہ بارود بذریعہ طیارہ بنکاک اسمگل کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا۔ پاکستان کو شبہ ہیکہ ان کے مقامی شورش پسندوں اور دولت اسلامیہ دہشت گرد گروپ سے روابط ہیں۔ دریں اثناء بنکاک پوسٹ نے بھی انٹلیجنس کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تھائی سیکوریٹی افسران بھی اب پانچوں مسلم شہریوں کے ارکان خاندان سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔ یہ تمام ملزمین 20 سال سے بھی کم عمر ہیں اور سوات کے ایک دینی اسکول (مدرسہ) میں زیرتعلیم تھے۔ ایک 9 ایم ایم پستول، کارتوس اور میگزین ان کے سامان میں اس وقت پائے گئے تھے جب وہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایرپورٹ سے تھائی ایرویز کے طیارہ میں سوار ہونے والے تھے۔ تاہم عین وقت پر پستول اور کارتوس کا پتہ چلنے پر انہیں طیارہ سے اتار کر گرفتار کرلیا گیا۔