تھائی لینڈ کے مسلم اکثریتی علاقہ میں بم دھماکہ، دو جاں بحق

پٹانی (تھائی لینڈ) ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے جنوبی علاقہ میں جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے، ایک مارکٹ میں ہوئے بم دھماکہ میں دو افراد بشمول ایک 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگئے۔ فوجی ترجمان کے مطابق ایک مطلوبہ باغی قائد کی ہلاکت کے کچھ روز بعد ہوئے اس بم دھماکہ کو اسی ہلاکت کا ردعمل تصور کیا جارہا ہے۔ یاد رہیکہ تھائی لینڈ کے تین صوبوں یالا، پٹانی اور نراتھی واٹ میں 2004ء سے مالے نسلی مسلمان باغیوں اور اکثریتی بدھسٹوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جس میں اب تک 7000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں لیکن بین الاقوامی سطح پر ان خبروں کو اخبارات یا الیکٹرانک میڈیا میں اچھالا نہیں جاتا۔ پیر کے روز شورش پسندوں نے ایک بھیڑبھاڑ والی مارکٹ میں ایک موٹرسائیکل میں نصب کئے بم کا دھماکہ کردیا جس میں ایک 38 سالہ خاتون اور ایک 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگئے جبکہ چار ملٹری رینجرس کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ رمضان المبارک کی وجہ سے مسلم علاقوں کی مارکٹس میں غیرمعمولی بھیڑبھاڑ دیکھی جارہی ہے اور شرپسند بدھسٹوں نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بم دھماکہ کیا۔