بنکاک ، 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرین نے اتوار کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم ینگ لک شیناوترا کی حکومت کا تختہ اُلٹنے کیلئے مزید مظاہرے جاری رکھیں گے۔ اپوزیشن کی ’ڈیموکریٹ پارٹی‘ نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا جبکہ ووٹنگ کے عمل میں خلل ڈالتے ہوئے بعض انتخابی حلقوں میں ووٹروں کو پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے سے روکا گیا۔ مظاہرین نے آج کہا کہ انتخابات کو منسوخ کروانے کیلئے کئی سطحوں پر کوششیں جاری ہیں جن میں قانونی چارہ جوئی اختیار کرنے کا راستہ بھی شامل ہے۔