تھائی لینڈ میں جھڑپیں ،4 ہلاک 59 زخمی

بنکاک 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)چار افراد بشمول ایک ملازمین پولیس کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا اور دیگر 59زخمی ہوگئے جبکہ تھائی لینڈ کی پولیس نے اپوزیشن کے جلوس پر حملہ کیا۔ یہ حملہ ایک ایسے علاقہ میںکیا گیا تھا جہاں وزیر اعظم تھائی لینڈ انگلک شیناواترا کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی کوشش کرنے والے احتجاجی مظاہرین نے قبضہ کرلیا تھا۔ انسداد فسادات پولیس نے پھان فاہ پُل کے علاقہ کو باغیوں کے قبضہ سے چھین لینے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں باغیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوگیا۔

فائرنگ اور بم دھماکے کئے گئے ۔ پولیس کی کارروائی کے آغاز کے بعد فائرنگ اور دھماکوں میں دو شہری اور ایک ملازم پولیس ہلاک اور دیگر 59 زخمی ہوگئے ۔ محکمہ خصوصی تحقیقات کے سربراہ تریت فیندت نے کہا کہ ایک ملازم پولیس کے سر میں گولی لگی اور دیگر 17 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے۔ دستی بموں کے حملہ میں کئی پولیس عہدیدار زخمی ہوئے حالانکہ وہ پرامن کارروائی کے ذریعہ اس علاقہ کو احتجاجیوں کے قبضہ سے آزاد کروانے کی کوشش کررہے تھے۔وزیر محنت چالرم یوبام رنگ نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں ہدایت دی ہے کہ پرتشدد ذررائع اختیار نہ کئے جائیں ۔ اہم اپوزیشن ڈیموکریٹ پارٹی کی حمایت یافتہ احتجاجی بناک میں گذشتہ نومبر سے جلوس اور جلسہ منعقد کرتے ہوئے وزیر اعظم انگ لک کو اقتدار سے بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت غیر منتخبہ عوامی کونسل کے سپرد کردیا جائے تا کہ وہ اصلاحات نافذ کرسکے ۔ احتجاجیوں کے بموجب کرپشن کے انسداد کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔