تھائی لینڈ میں بس کھائی میں جاگری32 افراد ہلاک

بنکاک ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے شمال مشرق میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک جبکہ چار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ضلع لم سک میں پیش آیاجبکہ بس ضلع چینگ رائی جارہی تھی۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دوران سفر غالباً ڈرائیور سو گیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ بس 30 میٹر گہری کھائی میں گری۔

سنگاپور میں چار ہندوستانیوں کو تازہ الزامات کا سامنا
سنگاپور ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تازہ الزامات آج اُن چار ہندوستانیوں پر عائد کئے گئے، جو 25 مبینہ فسادیوں کا حصہ ہیں، جو سنگاپور کے زائد از 40 برسوں کے بدترین تشدد میں ملوث ہوئے۔ قبل ازیں تمام 25 ہندوستانیوں کو فساد مچانے کے فی کس ایک الزام کا سامنا تھا، جو سات سال تک سزائے قید یا کوڑے لگانے کی سزا کا مستوجب ہے۔ لیکن 23 سالہ چنپا پربھاکرن کے خلاف ہندوستانیوں کے گروپ کو ایک امبولنس کو نذر آتش کرنے کیلئے بھڑکانے کی پاداش میں اضافی الزامات عائد کئے گئے ہیں۔