بنکاک۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ تقریباً 200 غیر ملکی سیاح بال بال بچ گئے جب کہ دو اِنجن والی انٹرنیشنل لکژری ٹرین میں تھائی لینڈ کے مغربی کنچنا بوری ریلوے اسٹیشن سے روانگی کے فوری بعد آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ سے اِنجن کو شدید نقصان پہنچا۔ ٹرین ڈرائیوروں میں سے ایک نے کہا کہ اس نے اگلے اِنجن سے زبردست دھواں اُٹھتے دیکھا جو ڈونراک اسٹیشن سے تقریباً 500 میٹر کے فاصلہ پر تھا۔ ٹرین کے دوسرے ڈرائیور نے ٹرین روک دی اور اگلے اِنجن کا ربط باقی ٹرین سے منقطع کردیا۔ مسافرین کے ڈبوں کو پیچھے موجود اِنجن کی مدد سے کھینچ کر دُور ہٹادیا گیا۔ آگ بھڑک اُٹھنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس کی وجہ 30 سال پرانا اِنجن استعمال کرنا تھی۔ ایسٹرن اورینٹل ایکسپریس ایک لکژری ٹورٹ ٹرین ہے جو بنکاک سے سنگاپور تک سفر کرری ہے اور صرف کنچنا بوری اسٹیشن پر توقف کرتی ہے۔