تکمیل طلب انتخابی وعدوں پر مودی کو ہزارے کی یاددہانی

یہ حکومت اور کانگریس زیرقیادت یو پی اے اقتدار میں کچھ فرق نہیں، سماجی جہدکار کا تاثر
ممبئی ، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سماجی جہد کار انا ہزارے نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک اور مکتوب ارسال کرتے ہوئے انھیں اُن کے تکمیل طلب انتخابی وعدوں کی یاددہانی کرائی اور کہا کہ اُن کی حکومت اور سابقہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے اقتدار کے درمیان ’’کچھ نمایاں فرق‘‘ نہیں ہے۔ مودی کو سالِ نو کی مبارکباد دیتے ہوئے 78 سالہ مخالف رشوت مہم جو نے اپنے تین صفحات کے مکتوب میں وزیراعظم پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاید ان باتوں کو فراموش کرچکے ہیں جس کا انھوں نے 2014ء کی لوک سبھا مہم کے دوران وعدہ کیا تھا جیسے کالے دھن کی واپسی اور بدعنوانی سے پاک ہندوستان کی تعمیر۔ یہ مکتوب صحافت کیلئے آج جاری کیا گیا۔ مودی کو لوک پال اور لوک ایوکت پر مناسب ڈھنگ سے عمل آوری اور دیگر کلیدی انتخابی وعدوں کی تکمیل کی ضرورت کی یاددہانی کراتے ہوئے ہزارے نے کہا کہ یہی موضوعات پر وزیراعظم کو قبل ازیں اُن کے تحریر کردہ کئی مکتوبات نظرانداز کردیئے گئے ہیں۔ ’’میں آپ کو ان باتوں کی دوبارہ یاددہانی کیلئے مکتوب تحریر کررہا ہوں۔ مجھے علم ہے کہ میری جانب سے آپ کو موسومہ کئی مکتوبات ردی کی ٹوکری کی نذر کردیئے گئے ہیں۔ اس مکتوب کا بھی ایسا ہی حشر ہوسکتا ہے۔ میں توقع نہیں رکھتا کہ کوئی پی ایم انھیں موصولہ ہر ایک خط کا جواب دیتا رہے کیونکہ یہ ممکن نہیں ہے۔ تاہم ایسے سماجی جہدکار کا مکتوب تو جواب کے قابل ہونا چاہئے، جس نے اپنی زندگی قوم کیلئے وقف کر دی ہے۔ عوام نے آپ کی باتوں پر بھروسہ کیا لیکن آج بھی رشوت کا چلن ہے۔‘‘