تکریت ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عراقی فورسیس نے شمالی شہر تکریت سے جہادیوں کا قبضہ برخاست کرتے ہوئے تمام بڑی سڑـکوں پر گشت کا آغاز کردیا ہے۔ کئی مقامات پر کٹر جہادی جنگجوؤں کی تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے اور لڑائی کے دوران ان کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی صفائی کی جارہی ہے۔ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے دعویٰ کیا ہیکہ شہر تکریت کو آزاد کرلیا گیا ہے لیکن اس مہم میں مدد کرنے والے امریکہ کے زیرقیادت اتحاد میں کہا ہیکہ ہنوز بہت کام باقی ہے۔ صوبائی ہیڈکوارٹرس سے جہادیوں کے سیاہ پرچم کو ہٹا کر عراقی قومی ترنگا لہرانے کے بعد عوام نے جشن منایا۔
دہشت گردی کیخلاف گروپ میں ہندوستان اور پاکستان بھی شامل
اقوام متحدہ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گردی کے خلاف اقوام متحدہ میں تشکیل شدہ ایک گروپ میں ہندوستان، پاکستان، سلامتی گروپ کے پانچ مستقل ارکان کے علاوہ دنیا بھر کے 30 ممالک شامل ہوگئے ہیں۔ ’’دہشت گردی کے خلاف دوستوں کا گروپ‘ مراقش کی مساعی پر گزشتہ روز تشکیل دیا گیا۔ جس میں چین، روس، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برازیل، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ترکی وغیرہ بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ میں مراقش کے مستقل مندوب عمر ہلالی نے اس اجلاس کی صدارت کی۔