تڑپتی وبلکتی ماں کی دعاوں کا اثر

جناب عامر علی خاں نے کیر ہاسپٹل میں زیر علاج ماسٹر کامران کی عیادت کی ۔ اس موقع پر جناب حافظ سید عبدالصمد جعفری مجاہد نے کامران کی والدہ کو ایک لاکھ روپئے کی امداد پیش کی ۔۔

خون کی کمی کی خطرناک بیماری میں مبتلا ماسٹر کامران کے لیے مزید ایک لاکھ روپئے کی امداد
سیاست میں رپورٹس کی اشاعت پر 18 دن میں 6 لاکھ 40 ہزار روپئے کی امداد ، نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خاں نے زیر علاج لڑکے کی عیادت کی

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : اچھی نیت اور ارادوں سے کئے جانے والے کاموں کو اللہ تعالیٰ یقینا کامیابی و کامرانی سے بہرہ ور کرتا ہے ۔ اپنے بندوں کے خلوص نیت کے مطابق وہ مدد کی ایسی ایسی راہیں کھولدیتا ہے جس کے بارے میں جان کر ہر کسی کو حیرانی ہوتی ہے ۔ جس کام میں ریاکاری نہ ہو اس کام کو قدرت اس قدر آسان بنادیتی ہے کہ دیکھنے والے دیکھتے اور سوچنے والے سوچتے ہی رہ جاتے ہیں ۔ خون کی کمی کے خطرناک مرض میں مبتلا ماسٹر کامران کی زندگی بچانے کے لیے اس معصوم کی ماں کی تڑپ ان کے آنکھوں سے رواں آنسو اور باپ کی آہ وزاری پر قدرت کو ایسا رحم آیا کہ ناممکن ، ممکن میں تبدیل ہوگیا ۔ کامران کے پریشان حال والدین کو ڈاکٹروں کی ٹیم نے جب بتایا کہ ان کا نور نظر Aplastianacmia جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہے اور اس بیماری کے علاج کے لیے ایک یا دو ہزار نہیں بلکہ 10 لاکھ روپئے کے مصارف آئیں گے ۔ اس وقت کامران کی ماں عطیہ صدیقہ اور ان کے والد اکبر علی خاں کے پاؤں تلے زمین کھسک گئی وہ یہ سوچنے لگے کہ آخر کس طرح اس غربت میں 10 لاکھ روپئے کا انتظام ہوگا تب ہی کسی نے انہیں دفتر سیاست سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ وہاں اس لڑکے کے علاج کے لیے کچھ نہ کچھ صورت نکل ہی آئے گی ۔ چنانچہ 21 فروری کی اشاعت میں ماسٹر کامران کی بیماری اپنے بیٹے کی زندگی بچانے کی فکر میں دوڑ دھوپ کررہے اس کے ماں باپ کی درد ناک کہانی شائع ہوئی اور اللہ کا شکر ہے کہ شہر حیدرآباد ، ملک اور بیرون ملک میں مقیم قارئین سیاست و ہمدردان ملت جوق در جوق معصوم کامران کی زندگی بچانے آگئے اور صرف 18 دنوں میں کامران کے لیے تقریبا 6 لاکھ 40 ہزار روپئے جمع ہوگئے ۔ 8 مارچ تک کامران کے لیے 5,25000 روپئے جمع ہوئے تھے جس کے بعد اسے کیر ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا جہاں وہ ڈاکٹر شلیش آر سنگھ کے زیر علاج ہے ۔

آج نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں خود کیر ہاسپٹل پہنچ کر کامران کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے اس بچے کی صحت کے بارے میں تفصیلات حاصل کئے ۔ اس موقع پر جناب حافظ سید عبدالصمد جعفری مجاہد نے ایک لاکھ روپئے عطیہ صدیقہ کے حوالے کئے ۔ یہ رقم جدہ میں مقیم جناب باسط جعفری کی جانب سے روانہ کی گئی تھی ۔ اس طرح ماسٹر کامران کے علاج کے لیے حاصل رقم بڑھ کر 6.40 لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مطلوبہ رقم جمع ہوجائے گی ۔ راقم الحروف نے عطیہ صدیقہ سے بات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ علاج شروع ہوچکا ہے اور وہ زائد از ایک ماہ تک ہاسپٹل میں رہیں گے ۔ انہوں نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کے علاوہ قارئین سیاست اور ہمدردان ملت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فریاد بارگاہ رب العزت میں قبول ہوئی اور لوگ ان کی مدد کے لیے اُٹھ کھڑے ہوئے ۔ عطیہ صدیقہ نے کہا کہ آزمائش کے اس وقت میں سیاست اور ملت نے اپنی امداد اور دعاؤں کے ساتھ جس طرح ان کا ساتھ دیا ۔ اس کے لیے وہ بارگاہ رب العزت میں ان سب کے لیے دعا گو رہیں گی ۔ جناب عامر علی خاں نے ماسٹر کامران کی والدہ سے کہا کہ ایک ماں جب اپنی اولاد کے لیے بارگاہ رب العزت میں دعا کرتی ہے تو اللہ تعالیٰ ان ہاتھوں کو خالی نہیں رکھتا ۔ بلکہ ماں کی دعاؤں کو شرف قبولیت بخشتا ہے اور آج سیاست کے توسط سے اس بچہ کی جو بھی مدد ہوئی ہے وہ ایک تڑپتی بلکتی ماں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے ۔ اس موقع پر کیر ہاسپٹل کے اے جی ایم اڈمنسٹریشن جناب منصور احمد بھی موجود تھے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ اپلاسٹک انیما میں مبتلا ماسٹر کامران کے علاج پر جناب زاہد علی خاں کی ہدایت پر ڈاکٹرس خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس معصوم بچے کو صحت و تندرستی عطا فرمائے گا ۔ ان کے اکاونٹ نمبر کی تفصیلات اس طرح ہیں ۔۔
Atiya Siddiqua, A/c No: 31163881027
IFSC/SBIN 0005095,
SBI Towli Chowki Branch, Hyd.
Ph: 8099274441, 9392872971