تپتے صحرا میں جاندار کیسے زندہ رہتے ہیں؟

بچو! ریگستان کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں جاندار آسانی سے زندہ رہ سکیں۔ وہاں انھیں پینے کے لئے انتہائی کم پانی میسر ہوتا ہے اور انھیں صحرا کے انتہائی گرم ماحول سے بھی مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔
گرمی سے بچنے کے لئے صحرا کے زیادہ تر جانور دھوپ میں نہیں نکلتے۔ وہ دن کا زیادہ تر وقت زیر زمین اپنے بلوں اور غاروں میں بسر کرتے ہیں اور خوراک کی تلاش میں صرف رات کو باہر نکلتے ہیں۔ صحرا کے کچھ پرندے گرمیوں کے مہینوں میں وہاں سے چلے جاتے ہیں جب کہ لمبی دُم والی زمینی گلہری اور بعض دیگر ممالیہ لمبی نیند پر چلے جاتے ہیں۔ یعنی وہ گرم ترین مہینے اپنے ٹھکانوں میں سوتے ہوئے گزارتے ہیں۔ صحرا کے دیگر جاندار قدرتی طور پر خود کو گرم موسم کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اُونٹ کی لمبی ٹانگیں اس کے جسم کو گرم ریت سے دور رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ صحرائی لومڑی اور صحرائی خرگوش کے کان کافی لمبے ہوتے ہیں جو ان کے جسم کی گرمی کو باہر نکالنے میں مدد دیتے ہیں۔