اسلام آباد ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی پارلیمنٹ نے فرانسیسی رسالہ شارلی ایبڈو کی جانب سے توہین رسالت ؐ والے کارٹونس شائع کرنے کے خلاف اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ توہین رسالت ؐکے ذریعہ دنیا کے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان غلط فہمیوں کی خلیج کو قصداً وسیع کیا جارہا ہے اور تشدد بھڑکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایوان زیریں میں پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ توہین رسالت ؐ کے کارٹونس کے ذریعہ دنیا کی مختلف تہذیبوں کے درمیان ٹکراؤ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ قرارداد میں مذہب کا مضحکہ اڑانے کو قابل مذمت حرکت قرار دیتے ہوئے اسے آزادی اظہار خیال کی سراسر خلاف ورزی سے تعبیر کیا گیا۔