توگاڈیہ پر گوہاٹی میں دو ماہ تک پابندی

گوہاٹی ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گوہاٹی پولیس نے آج سابق وی ایچ پی لیڈر پراوین توگاڈیہ پر آئندہ دو ماہ تک ریاست کے دارالحکومت گوہاٹی میں کسی عوامی تقریب میں شرکت کرنے پر امتناع عائد کیا۔ یہ امتناع اس اندیشہ کے پیش نظر عائد کیا گیا کہ ان کی اشتعال انگیز تقاریر سے امن میں بگاڑ پیدا ہوسکتا ہے۔ پراوین توگاڈیہ کے نئے قائم کئے گئے گروپ، انتاراشٹریہ ہندو پریشد (اے ایچ پی) کے زیراہتمام آج سے 19 جولائی تک منعقد ہونے والے مختلف پروگرامس میں شرکت کیلئے اس شہر کا دورہ کرنے کے توگاڈیہ کے پلانس کے بعد گوہاٹی پولیس کمشنر ہیرین چندرا ناتھ نے سی آر پی سی کے سیکشن 144 کے تحت یہ امتناعی احکام جاری کئے۔ یہ کہتے ہوئے کہ ہندوتوا لیڈر حساس اور اشتعال انگیز تقاریر کررہے ہیں۔ مسٹر ناتھ نے کہاکہ اس طرح کی اشتعال انگیز تقاریر سے مذہبی اقلیت کمیونٹی کے جذبات مجروح ہوں گے اوران میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوگا جس سے لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔ مسٹر ناتھ نے کہا کہ اگر توگاڈیہ کو آئی ٹی سے ماچکھوا آڈیٹوریم میں ان ایونٹس کو مخاطب کرنے کی اجازت دی گئی یا 19 جولائی کو گوہاٹی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے مخاطب کرنے کی اجازت دی گئی تو یہاں اور پولیس کمشنریٹ کے دیگر علاقوں میں امن متاثر ہونے کا امکان ہے۔